طلال چوہدری کیخلاف شواہد ہیں لیکن اثرورسوخ کےباعث انہیں صرف وارننگ جاری کی گئی،حکام الیکشن کمیشن

وزیر مملکت برائے داخلہ اور این اے 96 فیصل آباد سے رکن بلال بدر کے خلاف ضابطہ اخلاق خلاف ورزی کیس کی سماعت ہوئی


ویب ڈیسک January 08, 2026

الیکشن کمیشن میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور این اے 96 فیصل آباد سے رکن بلال بدر کے خلاف ضابطہ اخلاق خلاف ورزی کیس کی سماعت ہوئی، چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے سماعت کی۔

طلال چوہدری کے وکیل نے دلائل دیے اور کہا کہ  طلال چوہدری غیر مشروط معافی مانگ چکے ہیں، 20 نومبر کو ڈی ایم او نے وارننگ جاری کی،  ڈی ایم او نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہ کرنے کی وارننگ دی، 20 نومبر کو ہی 50 ہزار روپے کا جرمانہ کر دیا گیا۔

وکیل نے مؤقف اپنایا کہ ڈی ایم او نے قانون کے تحت کارروائی نہیں کی،  طلال چوہدری نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں کی۔

چیف الیکشن کمشنر  نے ریمارکس دیے کہ آپ کا مطلب کے کہ وزیر جو مرضی کرتا رہے اسے کوئی نہ پوچھے؟

حکام الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی کا مکمل اختیار رکھتا ہے، طلال چوہدری کے خلاف ویڈیو شواہد موجود ہیں، ڈی ایم او نے وزیر مملکت کو اثر و رسوخ کے باعث صرف وارننگ جاری کی۔

ممبر سندھ نے کہا کہ یہ ثابت کرنا ممکن نہیں کہ اثر و رسوخ استعمال ہوا، الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔

الیکشن کمیشن میں عابد شیر علی کے خلاف فیصل آباد ضمنی انتخاب میں ووٹ کی رازداری کی خلاف ورزی کیس کی بھی سماعت ہوئی،  عابد شیر علی الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔

وکیل نے مؤقف اپنایا کہ ووٹ کی رازداری کی خلاف ورزی پر عابد شیر علی غیر مشروط معافی مانگ رہے ہیں، عابد شیر علی نے ویڈیو سوشل میڈیا پر اپلوڈ کی نہ کروائی۔

عابد شیر علی نے ووٹ کی رازداری کی خلاف ورزی پر غیر مشروط معافی نامہ جمع کروا دیا، الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔

چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ دیکھیں گے کہ معافی نامہ قبول کرنا ہے یا نہیں۔

الیکشن کمیشن  میں این اے 4 سوات سے آزاد منتخب رکن سہیل سلطان کی نااہلی کے ریفرنس پر بھی سماعت ہوئی، سہیل سلطان نے الیکشن کمیشن سے دو ہفتے کا وقت دینے کی استدعا کی اور مؤقف اپنایا کہ مجھے وکیل کرنے کیلئے وقت چاہئیے۔

چیف الیکشن کمشنر  نے ریمارکس دیے کہ پہلے ہی ہائیکورٹ کے حکم امتناع کے باعث بہت تاخیر ہو چکی ہے، الیکشن کمیشن نے ریفرنس پر مقررہ وقت میں فیصلہ کرنا ہے۔

الیکشن کمیشن نے سہیل سلطان کو وکیل کرنے کیلئے ایک روز کا وقت دے دیا اور 
سماعت کل تک ملتوی کردی۔

مقبول خبریں