روسی آئل ٹینکر جہاز پر امریکی قبضہ، برطانوی وزیر دفاع کا بڑا اعتراف سامنے آگیا

روسی وزارت خارجہ نے اس اقدام کو بحری قزاقی قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے


ویب ڈیسک January 08, 2026

برطانیہ نے بحرِ اوقیانوس میں روسی پرچم بردار آئل ٹینکر کو ضبط کرنے کے امریکی آپریشن میں اپنی شمولیت کا اعتراف کر لیا ہے۔

اس حوالے سے برطانوی وزیر دفاع جان ہیلی کا بیان سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے امریکی کارروائی میں تعاون کی تصدیق کی۔

جان ہیلی کے مطابق برطانوی مسلح افواج نے اس مشن کے دوران پیشہ ورانہ مہارت اور اعلیٰ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ نے امریکا کی درخواست پر روسی آئل ٹینکر کو قبضے میں لینے کے لیے معاونت فراہم کی، اور یہ تعاون بین الاقوامی قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کیا گیا۔

یاد رہے کہ امریکی افواج نے بحرِ اوقیانوس میں روسی پرچم والا آئل ٹینکر اپنی تحویل میں لے لیا تھا، جس پر روس کی جانب سے سخت ردِعمل سامنے آیا۔ روسی وزارت خارجہ نے اس اقدام کو بحری قزاقی قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔

روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا جہاز پر موجود روسی عملے کی حفاظت کو یقینی بنائے اور انہیں جلد از جلد واپس بھیجا جائے۔ واقعے کے بعد عالمی سطح پر اس اقدام کے قانونی اور سیاسی پہلوؤں پر بحث جاری ہے۔

مقبول خبریں