امریکا نے اقوام متحدہ سمیت 66 عالمی اداروں کی معاونت ختم کرنے کا اعلان کردیا

امریکا نے گزشتہ سال تین دہائیوں میں پہلی بار اقوام متحدہ کے عالمی ماحولیاتی اجلاس میں شرکت نہیں کی تھی


ویب ڈیسک January 08, 2026

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں کی 66 تنظیموں سے امریکا کے دستبردار ہونے اور ان کی مالی معاونت ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ یہ ادارے امریکی قومی مفادات کے خلاف کام کر رہے ہیں اور ان پر اخراجات کا کوئی واضح فائدہ نہیں ملتا۔

اعلان کے مطابق امریکا اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خواتین UN Women اور اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ UNFPA سے بھی علیحدگی اختیار کر رہا ہے، جو دنیا بھر میں صنفی مساوات، خواتین کے بااختیار بنانے، خاندانی منصوبہ بندی اور ماں و بچے کی صحت کے لیے کام کرتے ہیں۔ امریکا پہلے ہی گزشتہ سال UNFPA کی فنڈنگ میں نمایاں کمی کر چکا تھا۔

وائٹ ہاؤس کی فہرست میں ایسے 35 بین الاقوامی ادارے بھی شامل ہیں جو اقوام متحدہ کا حصہ نہیں، جن میں انٹرگورنمنٹل پینل آن کلائمٹ چینج (IPCC)، انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ڈیموکریسی اینڈ الیکٹورل اسسٹنس اور انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر نمایاں ہیں۔

اس کے علاوہ امریکا 31 اقوام متحدہ کے اداروں سے بھی نکل رہا ہے، جن میں اقوام متحدہ کا مرکزی موسمیاتی معاہدہ UNFCCC اور اقوام متحدہ کا جمہوریت فنڈ شامل ہیں۔

امریکا نے گزشتہ سال تین دہائیوں میں پہلی بار اقوام متحدہ کے عالمی ماحولیاتی اجلاس میں شرکت نہیں کی تھی۔

برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق یہ اقدام کثیرالجہتی اداروں، خصوصاً اقوام متحدہ، کے حوالے سے ٹرمپ کی دیرینہ پالیسی کی عکاسی کرتا ہے، جن پر وہ بارہا لاگت، شفافیت اور افادیت کے سوالات اٹھاتے رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کی جانب سے اس اعلان پر باضابطہ ردعمل کی توقع کی جا رہی ہے۔

مقبول خبریں