پاکستان کا امن تباہ کرنے میں پڑوسی ممالک کا ہاتھ ہے، وزیراعظم، کراچی تا چمن شاہراہ کا سنگ بنیاد

خیبرپختونخوا کی طرح دہشت گردوں نے بلوچستان میں بھی مشکلات پیدا کیں، فتنہ الخوارج کو ہمسایہ ملک سے سپورٹ مل رہی ہے


ویب ڈیسک January 08, 2026
فوٹو فائل

کوئٹہ:

وزیراعظم نے کراچی تا چمن شاہراہ کا سنگ بنیاد رکھ دیا جو دوسال میں مکمل ہوجائے گی۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے خیبرپختونخوا کی طرح بلوچستان میں بھی مشکلات پیدا کیں، ہم دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

کوئٹہ میں سیاسی رہنماؤں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج کو ہمسایہ ملک سے مکمل سپورٹ دی جارہی ہے، فیلڈ مارشل دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوج کی قیادت کررہے ہیں، خیبرپختونخوا کی طرح دہشت گردوں نے بلوچستان میں بھی مشکلات پیدا کیں ہم دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ این ایف سی کے تحت صوبوں کو وسائل فراہم کیے جارہے ہیں، اُس وقت کے وزیراعلیٰ بلوچستان اسلم رئیسانی نے این ایف سی میں 100 فیصد اضافے کا مطالبہ کیا تھا جس پر پنجاب نے اسے لیڈ کیا، پنجاب اپنے حصے کے 11 ارب روپے بلوچستان کو دیتا ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ کراچی سے چمن چار رویہ سڑک کا آغاز کررہے ہیں جس کا افتتاح آج ہوگا، بلوچستان میں دانش اسکول بنائے جارہے ہیں جن سے بچوں کو تعلیم ملے گی۔

بعدازاں انہوں ںے کوئٹہ میں ایک تقریب میں کراچی تا چمن چار رویہ سڑک کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ یہ شاہراہ دو برس میں مکمل ہوگی۔ اس موقع پر اسحاق ڈار، علیم خان، گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ شاہراہ کی تعمیر میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے اور اسے مقررہ وقت دسمبر 2027ء سے پہلے مکمل کرلیا جائے۔

انہوں ںے کہا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے صوبے کی ترقی کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کریں گے، غیور بلوچ اور پشتون قوم نے تحریک پاکستان میں ساتھ دیا، چاروں صوبوں کو ترقی کا مساوی حق حاصل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا امن تباہ کرنے میں پڑوسی ممالک کا ہاتھ ہے، ہماری فوج اور سیکیورٹی ادارے دہشت گردی کا سر کچل کر رہیں گے،پاکستان کا امن تباہ کرنے والوں کو مئی میں بڑا جواب ملا، ہمسایہ ممالک پاکستان میں دہشت گردی کو بڑھانے کے لیے فنڈنگ کرتے ہیں۔

مقبول خبریں