بالی ووڈ کا ذکر ہو تو ذہن میں فوراً بڑے سپر اسٹارز اور مقبول اداکاراؤں کے نام آتے ہیں، مگر بھارتی فلم انڈسٹری اکثر اپنی چمک دمک کے ساتھ متنازع طرزِ زندگی کی وجہ سے بھی خبروں میں رہتی ہے۔ حالیہ دنوں سوشل میڈیا پر بالی ووڈ کی چند معروف اداکاراؤں کی ایسی تصاویر گردش کر رہی ہیں جنہوں نے ایک نئی بحث کو جنم دے دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دیپیکا پڈوکون، عالیہ بھٹ اور شردھا کپور کی چند تصاویر مختلف سوشل پلیٹ فارمز پر وائرل ہو رہی ہیں۔ ان تصاویر میں تینوں اداکاراؤں کو پارٹی کے ماحول میں دیکھا جاسکتا ہے، جہاں شراب نوشی اور سگریٹ نوشی کے مناظر نمایاں ہیں۔
ایک تصویر میں دیپیکا پڈوکون سگریٹ پیتی ہوئی دھوئیں کے حلقے بناتی دکھائی دے رہی ہیں اور شردھا کپور ہاتھ میں شراب کا گلاس تھامے کیمرے کے سامنے پوز دیتی نظر آرہی ہیں، جبکہ ان کے ساتھ بیٹھی عالیہ بھٹ کے چہرے پر قدرے جھجھک اور مسکراہٹ نمایاں ہے۔ یہی مناظر سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں اور مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔

ان تصاویر پر تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ شہرت اور دولت کے بعد اس طرح کی محفلیں اور اندازِ زندگی عام ہوجاتا ہے، اسی لیے اداکارائیں کھلے عام پارٹی کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔ تاہم دوسری جانب کئی افراد نے ان تصاویر کی حقیقت پر سوال اٹھاتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ یہ اصل نہیں بلکہ مصنوعی ذہانت، یعنی اے آئی، کے ذریعے تیار کی گئی ہیں۔
کچھ صارفین کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ تصاویر نئی نہیں بلکہ پرانی ہیں، جنہیں ایک بار پھر سوشل میڈیا پر وائرل کر دیا گیا ہے۔ یوں یہ معاملہ صرف تصاویر تک محدود نہیں رہا بلکہ حقیقت، تاثر اور سوشل میڈیا کے اثرات پر ایک نئی بحث کو جنم دے رہا ہے۔