بھارت کی ریاست اڑیسہ کے ضلع کیونجھر سے سامنے آنے والی ایک غیر معمولی اور دلچسپ ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی ہے، جس میں ایک جنگلی ہاتھی کو فٹبال کھیلتے دیکھا جاسکتا ہے۔
یہ منظر اس وقت دیکھنے میں آیا جب ایک مقامی گراؤنڈ میں نوجوان فٹبال کھیلنے میں مصروف تھے۔
ویڈیو کے مطابق کھیل کے دوران اچانک جنگل کی جانب سے ایک ہاتھی میدان میں داخل ہوا اور فٹبال کے قریب آکر رک گیا۔ حیران کن طور پر ہاتھی نے نہ صرف گیند میں دلچسپی دکھائی بلکہ اپنی ٹانگوں سے فٹبال کو کک کرنا بھی شروع کردیا، جس سے میدان میں موجود نوجوان کچھ فاصلے پر ہٹ کر کھڑے ہوگئے۔
مناظر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نوجوان احتیاط کے ساتھ ہاتھی سے دور رہے، جبکہ ہاتھی اطمینان سے فٹبال کے ساتھ کھیلتا رہا۔
کھلاڑیوں نے ہاتھی کو گراؤنڈ سے ہٹانے کی کوشش بھی کی، تاہم وہ کچھ دیر تک وہیں موجود رہا اور فٹبال سے کھیلتا رہا۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے اور صارفین اس پر دلچسپ اور حیرت بھرے تبصرے کر رہے ہیں۔ کچھ افراد اسے قدرت اور انسان کے درمیان ہم آہنگی کی مثال قرار دے رہے ہیں، جبکہ کئی صارفین اس غیر متوقع منظر کو دیکھ کر محظوظ ہوتے نظر آ رہے ہیں۔