فیلڈ مارشل سے بنگلہ دیش کے ایئرچیف کی ملاقات، دفاعی تعلقات کے فروغ کا عزم

بنگلہ دیش کے ایئرچیف حسن محمود خان نے جی ایچ کیو میں فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی، آئی ایس پی آر


ویب ڈیسک January 08, 2026
فوٹو: آئی ایس پی آر

راولپنڈی:

فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بنگلہ دیش کے ایئرچیف مارشل حسن محمود خان نے ملاقات کی جہاں دونوں ممالک کےدرمیان دفاعی تعلقات کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق بنگلہ دیش ایئر فورس کے سربراہ ایئر چیف مارشل حسن محمود خان نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سیکیورٹی صورت حال اور دوطرفہ دفاعی و عسکری تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : ’’قومی سلامتی پر زیرو ٹالرنس‘‘ فیلڈ مارشل کا ملک کو درپیش کسی بھی خطرے  سے نمٹنے  کے عزم کا اعادہ

بیان میں کہا گیا کہ دونوں جانب سے پاکستان اور بنگلہ دیش کی مسلح افواج کے درمیان پیشہ ورانہ تعاون، تربیتی تبادلوں اور دفاعی روابط کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

اس موقع پر معزز مہمان نے پاکستان کی مسلح افواج کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار کو سراہا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے ان کے کردار کی تعریف کی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بنگلہ دیش کے ساتھ دیرپا اور مضبوط دفاعی تعلقات کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ ملاقات کا اختتام دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ اور مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔

مقبول خبریں