پاکستان سپرلیگ کے سیزن 2026 میں دو نئی فرنچائزز کو شامل کرلیا گیا۔
اسلام آباد کے جناح کنوننشن میں پی ایس ایل میں نئی ٹیموں کی فروخت کے حوالے سے بولی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ابتدائی طور پر دس گروپ شامل تھے تاہم آخری وقت میں علی ترین گروپ نے دستبرداری کا اعلان کیا جس کے بعد 9 گروپس نے بولی کے عمل میں حصہ لیا۔
بولی کی تقریب میں میزبانی کے فرائض سلمان نصیر، وسیم اکرم اور سدرہ اقبال نے انجام دیے۔
بولی کے عمل میں شامل گروپس
نیلامی کے عمل میں ایس کے ایس، او زیڈ ڈویلپرز، آئی ٹو سی ، ایم نیکسٹ، جاز، انورکس سولر انجری، پریزم ڈویلپرز، وی گول ٹلی اور ولی ٹیکنالوجیز نے بھی حصہ لیا۔
بولی جیتنے والے گروپس
سب سے زیادہ قیمت لگا کر جیتنے والے گروپس میں ایس کے ایس اور او زی ڈویلپرز شامل ہیں۔
پی ایس ایل کی 7ویں ٹیم کے مالکانہ حقوق 175 کروڑ روپے میں خریدنے والے مالک فواد سرور نے بتایا کہ انہوں نے اپنی ٹیم کا نام حیدرآباد رکھا ہے۔
آٹھویں ٹیم کے مالکانہ حقوق 185 کروڑ او زیڈ ڈویلپرز نے حاصل کیے۔ جس کے بعد مالک حمزہ مجید نے بتایا کہ وہ اپنی ٹیم کا نام سیالکوٹ رکھیں گے۔
’بچپن کا خواب پورا ہوگیا‘
پی ایس ایل کی نئی فرنچائز حیدرآباد کے مالک اور ایس کے ایس گروپ کے سربراہ فواد سرور نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کی خریداری پر بہت خوشی ہے اور کامیابی ملنے کا یقین نہیں آرہا۔ انہوں نے بتایا کہ بچپن سے ہی شوق تھا کہ اپنی ٹیم بناؤں اور کسی بڑے ایونٹ میں حصہ لوں، آج یہ خواب پورا ہوگیا۔
’پی ایس ایل 11 کا ٹائٹل سیالکوٹ ہی جیتے گی‘
او زیڈ ڈویلپرز اور سیالکوٹ ٹیم کے مالک حمزہ مجید نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہونے کی وجہ سے ہمیشہ یہ خواب رہا کہ ملک کیلیے کچھ کریں، سیالکوٹ کے پاس ایئر پورٹ تو تھا اب اپنی ٹیم بھی آگئی ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ سیالکوٹ کی ٹیم ہی پی ایس ایل 11 کا ٹائٹل جیتے گی۔ حمزہ مجید نے مزید کہا کہ ٹیم کا نام چند دن میں فائنل کر کے اس کا اعلان کردیں گے۔
پی ایس ایل کے نئے سیزن میں شامل ٹیموں کے نام
کراچی کنگز، پشاور زلمی، لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، ملتان سلطانز، حیدرآباد اور فیصل آباد کی ٹیمیں شامل ہوں گی۔
واضح رہے کہ دونوں نئی ٹیموں کو مالکانہ حقوق 10 سال کیلیے دیے گئے ہیں جبکہ بولی جیتنے والے دونوں گروپس پاکستانی ہیں۔