ہم ہائبرڈ سسٹم نہیں سیاسی حکومت ہیں، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر

عالمی برادری مقبوصہ جموں و کشمیر میں نریندر مودی کے مظالم بند کرائے، فیصل ممتاز راٹھور


ویب ڈیسک January 08, 2026
فوٹو: فیس بک

کراچی:

آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے ریاست میں 6 ماہ کے بعد انتخابات کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے ہم ہائبرڈ سسٹم نہیں بلکہ سیاسی حکومت ہیں۔

وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کراچی میں ایک تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوصہ کشمیر کے مظلوم عوام پر ظلم کر رہا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے اور عالمی برادری مقبوصہ کشمیر میں مودی کے مظالم بند کرائے۔

فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ہمارا مقابلہ مسلم لیگ (ن) سے ہوگا، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے خلاف الیکشن لڑیں گے اور آپس میں اتحاد کا کوئی امکان نہیں ہے جبکہ آزاد کشمیر میں اب پی ٹی آئی ختم ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں 6 ماہ کے بعد الیکشن کروائیں گے، پیپلز پارٹی سندھ کے بعد آزاد کشمیر میں سب سے زیادہ مضبوط ہے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ کراچی کے اندر کشمیر ہاؤس ہونا چاہیے، ہم حکومت سندھ سے بات کریں گے کہ وہ زمین دیتے ہیں تو ہم کشمیر ہاؤس تعمیر کریں گے۔

قبل ازیں تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی کشمیر کے ساتھ محبت ہمیں ورثے میں ملی ہے، آزاد کشمیر میں کچھ عرصے میں مسائل پیدا ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے تحریکیں چلیں، ریاست کے نظام پر عوام کا اعتبار کمزور ہوا لیکن ہم تمام مسائل حل کریں گے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ڈیڑھ ماہ میں وہ کام کیے ہیں جو پچھلے 4 سال میں نہ ہو سکے، ہم نے عوام کے ساتھ رابطہ بحال کیا ہے، آج پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں عوام کی سب سے بڑی قوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم گالی نہیں دیتے، لوگوں کے راستے بند کرنے نہیں کھولنے آئے ہیں، کیا ریاست کے حالات کو افراتفری کی طرف لے کر جانا ٹھیک ہے، جب ریاست آپ کے ساتھ بیٹھ رہی ہے تو آپ بیٹھنے سے کیوں گھبرا رہے ہیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہم ریاست کے حالات ٹھیک کر رہے ہیں تو آپ کیوں نہیں بیٹھ رہے، ہم نے کوئی وعدہ خلافی کی ہے تو بتائیں، ہم ہائبرڈ سسٹم نہیں سیاسی حکومت ہیں، ہم کوشش کر رہے ہیں حالات خراب نہ ہوں۔

مقبول خبریں