جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ٹرمپ عالمی عدالت کے مجرم نیتن یاہو کو تحفظ دے رہا ہے جبکہ اُس نے وینزویلا کے صدر کو بھی اغوا کیا پھر بھی ہمارے حکمران امریکی صدر کا آشیربا حاصل کرنے کیلیے بے تاب ہیں۔
لاہور میں قائم جامعہ مرکز علوم اسلامیہ میں منعقدہ تقریبِ تکمیل بخاری میں خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ ٹرمپ نئے نوآبادیاتی نظام کے قیام کے لیے کام کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو عالمی عدالت انصاف کا مجرم ہے اور ٹرمپ اُس کو تحفظ دے رہا ہے، اُس نے وینزویلا کے صدر کو بھی اغوا کیا پھر بھی پاکستان کے حکمران ٹرمپ کی آشیر باد کے حصول کے لیے بے تاب رہتے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام کی رائے کو تسلیم نہیں کیا جائے گا تو لاوا پھٹ جائے گا، عوام بپھر گئے تو حکمرانوں کو بھاگنے کا راستہ نہیں ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کا نیا بلدیاتی قانون جمہوریت دشمن ہے، دنیا میں تیل کی قیمتیں کم ، ہمارے ہاں اضافہ ہورہا ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے اپیل کی کہ علما اکرام اقامت دین کی جدوجہد کریں، امت کو مشترکات پر اکٹھا کیا جائے، جماعت اسلامی تمام مسالک کی تکریم کرتی ہے لیکن کسی مسلک کی نمائندہ نہیں ہے۔