اسلام آباد، وزیراعظم کے معاون خصوصی کی پراپرٹی پر قبضہ کرلیا گیا

پراپرٹی پر قبضہ سابق وزیر اعظم آزادجموں و کشمیر کے بھجوائے بندوں نے کیا، ایف آئی آر


صالح مغل January 08, 2026
فوٹو: فائل

اسلام آباد:

وزیر اعظم کے معاون خصوصی سردار یاسر الیاس خان کی پراپرٹی پر قبضہ کرلیا گیا، جس کی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) بھی درج کرلی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی سردار الیاس خان کی پراپرٹی پر قبضے کے واقعے کی ایف آئی آر نجی کنسٹرکشن کمپنی کے ڈائریکٹر کی مدعیت میں تھانہ کینٹ  میں درج کرلی گئی ہے۔

ایف آئی آر میں کہا گیا کہ آدم جی روڈ پر نجی ہوٹل سردار یاسر الیاس اور سردار راشد  الیاس کی ملکیت ہے جبکہ سردار تنویر الیاس کے گارڈ اکرام الحق نے مسلح بندوں کے ہمراہ ہوٹل پر قبضہ کرلیا ہے۔

کنسٹرکشن کمپنی کے ڈائریکٹر نے درخواست میں کہا کہ ہمارے گارڈ کو بھی دو گھنٹے تک کمرہ میں محبوس رکھا گیا اور چھوڑتے وقت سنگین دھمکیاں دی گئیں، موقع پر پہنچنے پر مسلح افراد نے ہم پر بندوقیں تان لیں، واپس جانے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔

ایف آئی آر میں بتایا کہ اکرام الحق نے سردار تنویر الیاس کی ایما پر سردار یاسر الیاس کی پراپرٹی پر قبضہ کرلیا ہے اور ملزمان نے ہمارے گارڈ کو بھی حبس بے جا میں رکھا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔

مقدمے میں مجموعی طور پر 11ملزمان کو نامزد کیا گیا اور کہا گیا کہ قبضہ سابق وزیر اعظم آزادجموں و کشمیر سردار تنویر الیاس کے بھجوائے بندوں نے کیا اور سردار تنویر الیاس کو مقدمے میں اعانت جرم کی دفعہ 109 کے تحت بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

مقبول خبریں