ڈھاکا:
بنگلادیش کی عبوری حکومت نے بھارت کے ساتھ کشیدگی کے باعث بھارتی شہریوں پر ویزا پابندیاں سخت کر دی ہیں، جس سے نئی دہلی کے غاصبانہ رویے کو کھلا جواب دیا گیا ہے۔
ڈھاکہ کی وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ سکیورٹی خطرات کی وجہ سے بھارت میں قائم بنگلادیشی سفارتی مشنز کے ویزا سیکشنز کو مزید بند کر دیا گیا ہے۔
یہ پابندیاں فوری طور پر نافذ ہو گئی ہیں، اور اب کاروباری اور نوکری کے ویزوں کے سوا تمام دیگر اقسام کے ویزے جاری کرنا مکمل طور پر روک دیا گیا ہے۔
تازہ ترین اقدامات کے تحت کولکتہ میں بنگلادیشی ڈپٹی ہائی کمیشن کی تمام قونصلر اور ویزا سروسز بند کر دی گئی ہیں، جبکہ ممبئی اور چنئی کے مشنز میں سیاحتی، طبی اور دیگر ویزوں کی درخواستوں پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ خالصتاً سکیورٹی بنیادوں پر کیا گیا، کیونکہ بھارت میں بنگلادیشی سفارتی عمارتوں کے اطراف احتجاجی مظاہروں اور دھمکیوں کا سلسلہ جاری ہے، جو بھارتی انتہا پسندوں کی طرف سے کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل دسمبر میں بنگلادیش نے نئی دہلی کے ہائی کمیشن، اگرتلہ کے اسسٹنٹ ہائی کمیشن اور سلی گوڑی کے ویزا سینٹر کی خدمات بھی معطل کر دی تھیں۔