بالی ووڈ کی ایک خوبصورت اور مثالی جوڑی کے درمیان علیحدگی کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اداکارہ تارا ستاریہ اور بزنس مین اداکار ویر پہاڑیا نے مبینہ طور پر خاموشی سے اپنا رشتہ ختم کردیا ہے۔

اگرچہ علیحدگی کی وجہ واضح نہیں، تاہم اس کا وقت بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ خبر حال ہی میں اے پی ڈھلون کے ممبئی کنسرٹ میں پیش آنے والے وائرل لمحے کے چند ہی دن بعد سامنے آئی ہے۔
کنسرٹ کے دوران تارا ستاریہ اسٹیج پر اے پی ڈھلون کے ساتھ پرفارم کرتی نظر آئیں۔
وائرل ویڈیو کلپ میں گلوکار اداکارہ کو گلے لگاتے اور گال پر بوسہ دیتے دکھائی دیے تھے جس پر سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا ہوگیا تھا۔
اس واقعے نے اس وقت مزید قیاس آرائیوں کو جنم دیا جب ویر پہاڑیا کی کنسرٹ کے دوران عین اس وقت کی ویڈیو منظر عام پر آئی جس میں یہ منظر دیکھ کر ان کے چہرے پر عجیب حیرت اور ناقابل یقین تاثر نظر آیا۔

سوشل میڈیا صارفین نے جہاں ویر پہاڑیا کے تاثرات کو محسوس کرتے ہوئے ان سے ہمدردی کا اظہار کیا وہیں بعض صارفین تارا ستاریہ کی حمایت میں سامنے آئے جن کا کہنا تھا کہ بوسہ اچانک پیدا ہونے والی ایک غیر یقینی صورتحال میں لیا گیا جبکہ تارا ہچکچاہٹ کا شکار دکھائی دیں۔

ان مناظر کے وائرل ہوتے ہی تارا ستاریہ اور ویر پہاڑیا کی مبینہ علیحدگی کی خبریں گردش کرنے لگیں تھیں اور اب مداحوں نے کنسرٹ کے واقعے کو اس ممکنہ بریک اپ سے جوڑنا شروع کردیا ہے۔

تاہم اب تک دونوں میں سے کسی نے بھی باضابطہ طور پر علیحدگی کی تصدیق نہیں کی ہے لیکن میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے جوڑے کے قریبی ذرائع نے دونوں کے درمیان علیحدگی کی تصدیق کردی ہے۔