کراچی:
سرجانی ٹاؤن میں مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک ہوگئے اور 2 زخمیوں سمیت 3 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن پولیس نے جمعہ کی صبح سرجانی سیکٹر 14 ناردرن بائی پاس کے قریب مبینہ مقابلے دو ڈاکوؤں کو ہلاک اور 2 زخمیوں سمیت 3 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا۔
ہلاک ہو زخمی ہونے والے ڈاکوؤں کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، ترجمان کراچی پولیس کے مطابق مارے جانے والے ملزمان کی شناخت عرفان ولد رحیم بخش اور صفدر ولد شوکت کے ناموں سے کی گئی۔
زخمی حالت میں گرفتار ملزمان میں دلاور ولد عبداللہ اور سہیل ولد فدا حسین شامل ہیں، پانچویں گرفتار ملزم نے اپنا نام حمزہ ولد مہتاب بتایا ہے۔
گرفتار و ہلاک ملزمان سے 4 پستولیں بمع گولیاں، 5 چھینے گئے قیمتی موبائل فون، کیش رقم اور دو موٹرسائیکلیں برآمد کی گئیں۔
ملزمان اسٹریٹ کرائم کی درجنوں وارداتوں میں ملوث رہے ہیں اور وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں کو فائرنگ کر کے زخمی بھی کیا۔
ہلاک و گرفتار ملزمان سے برآمد کیا جانے والا اسلحہ فارنزک کے لیے بھیجا جا رہا ہے جبکہ ملزمان کا کرمنل ریکارڈ بھی اکھٹا کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب سعید آباد کے علاقے بلدیہ گلشن مزدور میں ایک ڈاکو شہریوں کے ہتھے لگ گیا، شہریوں نے ڈاکو کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔
پولیس نے شہریوں کے تشدد سے زخمی ہونے والے ملزم کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا، پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت 24 سالہ افضل ولد اصغر کے نام سے کی گئی۔
گرفتار ملزم کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، گرفتار ملزم سے ایک پستول بمع گولیاں، موبائل فون، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔