نوازشریف صاحب آپ جانتے ہوئے بھی غلط کر رہے ہیں، محمود خان اچکزئی

معذرت کے ساتھ ہماری اسٹبلشمنٹ کی تربیت ہی غلط ہے، سربراہ تحریک تحفظ آئین پاکستان


ویب ڈیسک January 09, 2026

لاہور:

تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ نوازشریف صاحب میرے دوست ہیں لیکن آپ جانتے ہیں کہ آپ غلط کر رہے ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ آپ گھر میں اپنی بی بی جان، بیٹی جان اور بچوں کا کیسے سامنا کرتے ہیں، آپ جانتے ہیں کہ آپ الیکشن ہارے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام نے کمال کر دیا کہ تحریک انصاف جس کے پاس اپنی جماعت کا انتخابی نشان بھی نہیں تھا اس کو ڈھونڈ ڈھونڈ کر ووٹ دیا۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ نہ شہباز شریف سے جھگڑا ہے اور نہ نواز شریف سے جھگڑا ہے، ہماری فوج اور یہاں کے ایجنسیوں سے کوئی جھگڑا ہے۔ دنیا جہاں کی فوجیں جو کر رہی ہیں آپ اسی فریم میں رہیں تو آپ ہمارے بھائی ہیں۔ دنیا کو چلانے کے لیے ایک نظام دیا ہوا ہے اور سب کو اپنا اپنا کام کرنا چاہیے، نظام کو خراب نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ معذرت کے ساتھ ہماری اسٹبلشمنٹ کی تربیت ہی غلط ہے، آپ کو اگر شوق ہے تو آئیں وہ کام چھوڑ کر آئیں لیکن ڈنڈے دھونس سے کام نہیں چلے گا۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان میں 46 فیصد لوگ غربت کی لکیر کے نیچے رہ رہے ہیں اور ایسا نہیں ہے کہ ملک میں وسائل نہیں ہیں۔ آئیں اجتماعی عقل و دانش سے اس ملک کے مسائل کا حل نکالیں، چاہے وکلا ہوں، دانشور ہوں، کیمونسٹ ہوں جو بھی ہیں سب ملکر چلیں۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک کو چلانے کا اور کوئی راستہ نہیں ہے۔ قرآن کریم کہتا ہے معاشرہ عدل کے بغیر چل ہی نہیں سکتا ہے، بے انصافی نفرتوں کو جنم دیتی ہے اور ہم ںے بے انصافی کو ختم کرنا ہے۔ ظلم کا نظام نہیں چل سکتا، ظالم کے خلاف ہمارا ساتھ دیں اور اگر ساتھ نہیں دے سکتے تو دعا کریں۔

سربراہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کا کہنا تھا کہ ہم نے حلف لیا ہے ہم ملک کا دفاع کریں گے، ظالم کے خلاف آواز اٹھائیں گے اور یہ ہمارا فرض ہے، کوئی ملک فوج کے بغیر نہیں چل سکتا لیکن آپ ایک فریم میں رہیں کیونکہ آپ ہمارے بھائی ہیں۔

مقبول خبریں