کراچی میں ایک نوجوان ڈاکوؤں کو فرار ہونے سے روکنے کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پلاسٹک کی تھیلوں کی دکان میں ڈکیتی کی واردات انجام دیکر فرارہونے والے ملزمان گڑھے میں گرگئے جنہیں نوجوان نے پکڑنے کی کوشش کی تو ڈاکوؤں نے فائرکرکے نوجوان کوقتل کردیا اورفرارہوگئے۔
مقتول نوجوان چار بہن بھائیوں میں سب سے بڑا اور والدین کا سہارا تھا، آئی جی سندھ نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر نوجوان کے قتل کا نوٹس لے لیا ہے اور ڈی آئی جی ایسٹ سے واقع کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
جمعے کی صبح ضلع کورنگی کے الفلاح تھانے کے علاقے شمسی سوسائٹی البدرسوسائٹی میں فرار ہوتے ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے نوجوان کو قتل کردیا جس کی لاش فوری طور پر چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی جہاں مقتول نوجوان کی شناخت 25 سالہ محمد شعیب ولد محمد اسلم کے نام سے کی گئی ہے۔
واقعے کی اطلاع پر الفلاح پولیس موقع پر پہنچ گئی اورپولیس نے جائے وقوع سے دو خول سمیت واقعاتی شواہد اکٹھا کر لیے۔ ایس ایچ او الفلاح راؤعمیرنے ایکسپریس نیوزنے بتایا کہ مقتول نوجوان محمد شعیب کی پلاسٹک کی تھیلوں اور ڈسپوزیبل ایٹم کی دکان ہے۔ مقتول نوجوان صبح سویرے اپنی دکان کھول رہا تھا کہ اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار 2 ڈکیت موقع پر پہنچ گئے۔
ڈاکو اسلحے کے زور پر دکان سے 10 سے 15 ہزارروپے لوٹ کر فرار ہو رہے تھے کہ دکان سے کچھ فاصلے پرلاہورکوٹل کے سامنے موٹرسائیکل ڈاکوگڑھے میں گر گئے جنہیں پکڑنے کے لیے قریبی ہوٹل پربیٹھے شہری بھاگے۔
اس دوران مقتول نوجوان بھی اپنی دکان سے بھاگتا ہوا گڑھے میں گرے ہوئے ڈکیتوں کو پکڑنے کے لیے پہنچ گیا۔ اس دوران نوجوان شعیب نے ڈاکوؤں سے ہاتھا کی اور ایک ڈاکو کا ماسک بھی اترگیا جس پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی جس کے باعث نوجوان گلے میں گولی لگنے سے موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ مسلح ڈاکو موقع پر سے فرارہوگیا۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ پولیس نے جائے وقوع سے گولیوں کے خول اور واقعاتی شواہد اکٹھا کر لیے ہیں جبکہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
مقتول شعیب کے چھوٹے بھائی محمد سہیل نے بتایا کہ اس کے بھائی کے پاس دو سے ڈھائی لاکھ روپے موجود تھے جو کہ وہ بینک میں جمع کرانے جا رہا تھا ، انھون نے بتایاکہ علاقہ میں پولیس کا گشت نہ ہونے کے برابر ہے۔ پولیس آئی ہے اور اپنا خرچہ لیکر چلی جاتی ہیں۔ اگر آج علاقے میں پولیس ہوتی ان کا بھائی زندہ ہوتا۔
مقتول کے بھائی نے مطالبہ کیا ہے اس کے بھائی کے قتل میں ملوث ملزمان کو فل الفور گرفتار کیاجائےاور انہیں سخت سے سخت سزا دی جائے۔