اسلام آباد:
وفاقی دارالحکومت میں الرجی پیدا کرنے والے پیپر مل بیری درختوں کی مرحلہ وار کٹائی کے حوالے سے اجلاس میں وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی نے واضح کیا ہے کہ ماحولیاتی قوانین کی مکمل پاسداری یقینی بنائی جائے گی۔
وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک کی زیر صدارت اسلام آباد کے ماحولیاتی تحفظ سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس میں الرجی پیدا کرنے والے پیپر مل بیری درختوں کی مرحلہ وار کٹائی پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پیپر مل بیری کے بدلے مقامی، پھل دار اور چیڑ کے درخت لگائے جائیں گے، ہر کٹے ہوئے درخت کے مقابلے میں مزید درخت لگانے کی یقین دہانی کرائی گی۔
وفاقی وزیر مصدق ملک نے اسلام آباد کے سبزہ کو ہر صورت محفوظ رکھنے پر زوردیا اورکہا کہ دارالحکومت کے سبزے کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا-
انہوں نے کہا کہ قوانین و قواعد کی مکمل پاسداری کے بغیر کوئی ماحولیاتی اقدام نہیں کیا جائے گا، ماحولیاتی قوانین کی مکمل پاسداری یقینی بنائی جائے گی، اسلام آباد کی ماحولیاتی بہتری حکومت کی ترجیح ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کی صحت حکومت کی ذمہ داری ہے، شجرکاری مہم میں تمام اداروں کا مؤثر تعاون ناگزیر ہے۔
اجلاس میں موجودہ حالات کا جائزہ لیا گیا اورآئندہ اقدامات پر باہمی تعاون کا فیصلہ کیا گیا۔