امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ چین اور روس ہم سے وینزویلا کا تیل خرید سکتے ہیں۔
وائٹ ہاوس میں امریکی آئل کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وینزویلا میں 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر غور کر رہے ہیں جبکہ امریکا اور وینزویلا کے پاس دنیا کا 55 فیصد تیل ہے، امریکا نے گزشتہ روز وینزویلا سے 3 کروڑ بیرل تیل لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور روس ہم سے وینزویلا کا تیل خرید سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وینزویلا میں تیل کے بڑے ذخائر موجود ہیں وہاں تیل کا کاروبار فوری طور پر شروع کر دیا جائے گا اور دیکھا جائے گا کہ آئل کمپنیاں وہاں کا انفرا اسٹرکچر کیسے بہتر بناتی ہیں، انہوں نے کہا کہ تیل کے تاجروں کو وینزویلا میں مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ وینزویلا کے تیل پر قبضہ نہ کرتے تو روس یا چین وہاں پہنچ جاتے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور وینزویلا کے تعلقات بہت بہتر سمت میں جا رہے ہیں اور وینزویلا میں تیل کے کاروبار سے امریکی عوام کو براہِ راست فائدہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ کیا جائے گا کہ امریکا کی کون سی آئل کمپنیاں وینزویلا میں کام کریں گی جبکہ آئل کمپنیاں وینزویلا سے نہیں ہمارے ساتھ براہِ راست معاہدے کریں گی۔
وینزویلا کے صدر نکولس مادورو پر تنقید کرتے ہوئے ٹرمپ نے الزام عائد کیا کہ مادورو نے کئی افراد کو قتل کیا اور متعدد لوگوں کو غیرقانونی حراست میں رکھا۔