معروف بھارتی صحافی پاکستان کی مہمان نوازی اور محبت کے معترف

آج تک ایسا کوئی بھارتی نہیں ملا جو پاکستان سے ہو کے آئے اور پھر اس کے خلاف بات کرے، شیبا اسلم فہمی


ویب ڈیسک January 10, 2026

بھارت اور پاکستان کے پنجاب خطے کے درمیان محبت، ثقافتی قربت اور باہمی احترام کی ایک طویل تاریخ رہی ہے۔

اس بات کا اظہار آئے دن دونوں ممالک کی معروف شخصیات اپنے تجربات کے ذریعے کرتی نظر آتی ہیں۔

حال ہی میں نامور بھارتی مصنفہ اور سینئر صحافی شیبا اسلم فہمی نے اپنے پوڈکاسٹ ’کنٹو پرنتو ود شیبا‘ میں پاکستان کے بارے میں نہایت مثبت خیالات کا اظہار کیا۔

شیبا اسلم فہمی نے کہا کہ آج تک ایسا کوئی بھارتی نہیں ملا جو پاکستان سے ہو کے آئے اور پھر اس کے خلاف بات کرے۔

ان کے مطابق پاکستان جانے والے بھارتی شہری ہمیشہ وہاں کے لوگوں کی مہمان نوازی، محبت اور خلوص کے قصے سناتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹرز اور مشہور شخصیات بھی یہ بتا چکی ہیں کہ پاکستانی دکاندار کئی بار ان سے پیسے لینے سے انکار کر دیتے ہیں۔

پوڈکاسٹ میں ان کے ساتھی، ایوارڈ یافتہ بھارتی صحافی شِو اندَر سنگھ نے بھی 2024 کے پاکستان کے دورے کا دلچسپ تجربہ شیئر کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی دوستوں نے انہیں اتنے تحائف دیے کہ اضافی سوٹ کیس خریدنا پڑا، جو دکاندار نے مفت دے دیا۔

انہوں نے بتایا کہ ایک دکاندار نے ان سے کپڑوں کے پیسے لینے سے بھی انکار کیا اور انہیں ملک شیک بھی پلایا، ساتھ ہی ڈیڑھ گھنٹے تک اپنی دادی کے قصے بھی سنائے کہ کیسے وہ لدھیانہ سے لاہور تک پہنچیں۔

شِو اندَر سنگھ کے مطابق پاکستانی عوام بھارتی فلموں، اداکاروں اور پنجابی ثقافت سے گہری محبت رکھتے ہیں، اور یہی مشترکہ رشتہ دونوں پنجابوں کو جوڑے رکھتا ہے۔

 

مقبول خبریں