میرے لیے بگھی لانے والا ہی میرا شہزادہ ہوگا، حریم فاروق کا محبت پر اظہار

محبت میں ایسی طاقت ہوتی ہے جو انسان کو ایک لمحے میں ہلا کر رکھ دیتی ہے، حریم


ویب ڈیسک January 10, 2026

پاکستان شوبز کی معروف اداکارہ، پروڈیوسر اور میزبان حریم فاروق نے محبت اور اپنے خوابوں کے شریکِ حیات سے متعلق خیالات کا اظہار کیا۔

حریم فاروق نے کہا کہ وہ روایتی اور فلمی انداز کی محبت پر یقین رکھتی ہیں اور چاہتی ہیں کہ ان کا ’’شہزادہ‘‘ ان کے لیے بگھی یا تانگہ لے کر آئے۔ ان کے مطابق یہی رومانوی انداز انہیں سب سے زیادہ متاثر کرتا ہے۔

حال ہی میں ایک نجی میگزین کے یوٹیوب پروگرام میں گفتگو کے دوران حریم فاروق نے اپنی رومانوی سوچ کھل کر بیان کی۔ آئیڈیل لائف پارٹنر کے سوال پر انہوں نے کہا کہ انہیں خوبصورتی، انداز اور فلمی رومانس پسند ہے اور وہ ایسے شخص کو اپنا شہزادہ سمجھیں گی جو ان کے لیے بگھی لانے جیسا خوبصورت اور یادگار قدم اٹھائے۔

محبت کے تصور پر بات کرتے ہوئے اداکارہ نے خود کو ایک انتہائی رومانوی انسان قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ دل والے دلہنیا لے جائیں گے، دل تو پاگل ہے اور ٹائٹینک جیسی فلموں کی مداح رہی ہیں اور ٹائٹینک تو انہوں نے کئی بار دیکھی ہے۔

حریم فاروق کے مطابق ان کے نزدیک محبت کی اصل خوبصورتی یہ ہے کہ انسان ایک دوسرے کے لیے جدوجہد کرے اور ناممکن کو ممکن بنانے کی کوشش کرے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ہر انسان کی خواہش ہوتی ہے کہ کوئی اس کے لیے کھڑا ہو، اس کا ساتھ دے اور عزت و احترام کرے۔ ان کے مطابق جب کوئی شخص محبت میں خود کو بدلتا ہے تو یہ اس بات کی علامت ہوتی ہے کہ وہ واقعی دوسرے کو پانا چاہتا ہے اور اس کے لیے محنت کر رہا ہے۔

حریم فاروق نے واضح کیا کہ وہ محبت میں دوسروں کو بدلنے پر یقین نہیں رکھتیں بلکہ خود کو بدلنا اس بات کا ثبوت ہے کہ آپ اپنے محبوب کو تکلیف نہیں دینا چاہتے۔ ان کے بقول محبت میں ایسی طاقت ہوتی ہے جو انسان کو ایک لمحے میں ہلا کر رکھ دیتی ہے۔

دل ٹوٹنے کے تجربے پر بات کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ درد اور دل شکستگی کے بغیر زندگی پھیکی اور بورنگ محسوس ہوتی ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ان کا بھی دل ٹوٹا اور اس وقت ایسا لگا جیسے دنیا بکھر گئی ہو۔ وہ تقریباً ایک ماہ تک اداس رہیں، تاہم بعد میں انہیں احساس ہوا کہ زندگی خوبصورت ہے اور دل ٹوٹ جانا دنیا کا اختتام نہیں ہوتا۔

مقبول خبریں