بھارت کے ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان شبمن گل نے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2026 اسکواڈ میں اپنے نام شامل نہ ہونے پر پہلی مرتبہ کھل کر بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سلیکٹرز کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں اور ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق شبمن گل کو 15 رکنی ٹی20 ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا جہاں سلیکٹرز نے شارٹ فارم میں زیادہ جارحانہ اوپننگ آپشنز کو ترجیح دی۔ گل نے آخری پندرہ ٹی20 میچوں میں صرف 291 رنز بنائے تھے جس کی وجہ سے انہیں اس فارمیٹ سے باہر رکھا گیا۔
شبمن گل نے پری پریس کانفرنس میں کہا کہ سب سے پہلے میں یہ مانتا ہوں کہ مجھے اپنی زندگی میں جہاں ہونا چاہیے میں وہیں ہوں اور جو کچھ میرے نصیب میں لکھا ہے وہ کوئی مجھ سے نہیں چھین سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر کھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ ورلڈ کپ میں ملک کے لیے بہترین کارکردگی دکھائے لیکن سلیکٹرز نے جو بھی فیصلہ کیا میں اس کا احترام کرتا ہوں اور ٹی20 ٹیم کو کامیابی کے لیے نیک خواہشات ہیں۔
گل نے واضح کیا کہ وہ اب قومی ٹیم کے تین میچوں پر مشتمل نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز پر توجہ مرکوز کریں گے جہاں تجربہ کار کھلاڑی ویرات کوہلی اور روہت شرما ان کی معاونت کریں گے۔