واشنگٹن / دمشق: امریکی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے شام میں داعش کے خلاف بڑے پیمانے پر فضائی حملے کیے ہیں۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے مطابق یہ کارروائیاں داعش کے مختلف ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے لیے کی گئیں۔
سینٹ کام نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ یہ حملے آپریشن ہاک آئی اسٹرائیک کا حصہ ہیں، جو گزشتہ ماہ پالمیرا میں ہونے والے اس حملے کے جواب میں کیے گئے، جس میں دو امریکی فوجی اور ایک امریکی مترجم ہلاک ہو گئے تھے۔
امریکی فوج کے مطابق حملوں کی درست جگہوں کی تفصیل جاری نہیں کی گئی، تاہم جاری کی گئی فضائی ویڈیو میں دیہی علاقوں میں متعدد دھماکے دیکھے جا سکتے ہیں۔
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے کہا کہ امریکا اپنے شہریوں پر ہونے والے حملے کو نہ بھولے گا اور نہ ہی اس کا جواب دینا چھوڑے گا۔
گزشتہ ماہ امریکا اور اردن نے بھی مشترکہ فضائی کارروائیاں کی تھیں، جن میں داعش کے 70 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق کے مطابق ان حملوں میں داعش کے کم از کم پانچ جنگجو مارے گئے تھے۔
یاد رہے کہ داعش اگرچہ 2014 میں قبضہ کی گئی بڑی زمین سے محروم ہو چکی ہے، تاہم شام کے صحرائی علاقوں میں اس کی موجودگی اب بھی برقرار ہے۔ امریکا نے حالیہ مہینوں میں شام میں اپنے فوجی دستوں کی تعداد کم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔