سری لنکا نے 3 میچوں پر مشتمل ٹی20 سیریز کے آخری میچ میں پاکستان کو 14 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔
دمبولا اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والا ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تیسرے میچ کا ٹاس بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہوا تاہم پاکستانی ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان بارش سے متاثرہ میچ 12، 12 اوورز تک محدود کردیا گیا۔
سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کو جیت کے لیے 161 رنز کا ایک مشکل ہدف دے دیا۔
میزبان ٹیم کے کپتان داسن شناکا نے 9 گیندوں پر 5 چھکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 34 رنز بنائے، کوسل مینڈس نے 30، دھنانجیا ڈی سلوا نے 22، چریتھ اسالینکا نے 21 اور کامل مشرا نے 20 رنز بنائے اور ایک بڑا مجموعہ ترتیب دےدیا۔
قومی ٹیم میں جگہ بنانے والے محمد وسیم نے پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کی تاہم اس کے لیے انہوں نے 3 اوورز کے کوٹے میں 54 رنز کی پٹائی برداشت کی، محمد نواز اور فہیم اشرف نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کا ہدف کے تعاقب میں آغاز ناقص ثابت ہوا اور اوپنر صاحبزادہ فرحان 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم اس کے بعد صائم ایوب اور کپتان سلمان آغا کے درمیان اچھی شراکت ہوئی اور اسکور 60 رنز تک پہنچا۔
کپتان سلمان آغا نے انتہائی جارحانہ بیٹنگ کی اور 12 گیندوں کا سامنا کرکے 45 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 5 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔
صائم ایوب دوسرے اینڈ سے کھل کر نہیں کھیل پائے اور 62 کے مجموعے پر صرف 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عثمان خان ایک مرتبہ پھر ناکام ہوئے اور صرف ایک رن بنا کر ہسارنگا کی وکٹ بنے۔
خواجہ نافع نے محمد نواز کے ساتھ اسکور آگے بڑھایا اور 15 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 26 رنز کی اننگز کھیلی تاہم 10 ویں اوور کی پہلی گیند پر آؤٹ ہوئے، اس وقت پاکستان کا اسکور 116 رنز تھا، شاداب خان بھی 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
محمد نواز نے 28 رنز بنا کر مزاحمت کی لیکن اہم موقع پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، جس کے بعد ٹیم کی شکست یقینی ہوگئی، اس کے بعد فہیم اشرف رن آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کو آخری دو اوورز میں جیت کے لیے 30 رنز درکار تھے لیکن سری لنکا کے بولرز نے صورت حال اپنے حق میں تبدیل کردی۔
پاکستان نے مقررہ 12 اوورز میں 8 وکٹوں پر 146 رنز بنائے اور 14 رنز سے میچ سری لنکا نے جیت لیا اور سیریز بھی 1-1 سے برابر کردی۔
پاکستان نے سیریز کے پہلے میچ میں فتح حاصل کرکے سیریز میں برتری حاصل کی تھی جبکہ دوسرا میچ بارش کی نذر ہوگیا اور آخری میچ بارش کی وجہ سے تاخیر سے شروع ہوا تاہم میزبان سری لنکا نے کامیابی سمیٹی۔
اس سے قبل پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 0-1 کی برتری سے جیت رکھی ہے جبکہ دوسرا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔