ہم کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ عمران خان کو بلاجواز جیل میں رکھیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

پی پی پی نے مل کرآئین کاڈھانچہ تبدیل کیا، سندھ میں پی پی پی کی ڈکٹیٹرشپ قائم ہے، فسطائیت ہمیشہ یاد رہے گی، سہیل آفریدی


ویب ڈیسک January 10, 2026
فوٹو: پی ٹی آئی

کراچی:

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کارکنوں کو احتجاج کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان جیسا حکم دیں گے ہم ویسا ہی کریں گے اور ہم کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ہمارے لیڈر کو بلاجواز جیل میں رکھیں۔

نمائش چورنگی پر عوامی اجتماع سے خطاب میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ پنجاب میں حکومت نے ہمارے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا، اسی طرح سندھ میں بھی صوبائی حکومت نے اچھا سلوک نہیں کیا تاہم اس کے بعد خیبرپختونخوا میں اگلا پڑاؤ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ موومنٹ کے ذریعے عمران خان کا پیغام ملک بھر میں پہنچائیں گے، سندھ کے عوام کا مشکور ہوں اور کراچی کی عوام کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، عوام نے باہر نکل کر ثابت کیا ہے قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو سوچ رہے تھے عمران خان کی سیاست ختم ہو جائے گی وہ آج آکر دیکھ لیں، جس دن عمران خان نے پیغام دیا عوام تیار ہیں اور باہر نکلیں گے، کراچی کے عوام نے آج ثابت کیا ہے کہ بغیر سہولیات کے بھی جلسہ ہوسکتا ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ حکومت سندھ نے رکاوٹیں ڈالیں لیکن عوام نے سب رکاوٹیں ہٹا کر جلسے کو کامیاب بنایا، آج لاکھوں کا مجمع اور کراچی کے عوام نے ثابت کیا ہے کراچی کی نمائندہ جماعت پی ٹی آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ جمہوریت کے دعویدار تھے وہ جمہوریت پسند نہیں نکلے، حکومت سندھ نے سندھی ٹوپی اور اجرک کی بے حرمتی کی ہے، عوام حکومت سندھ کو معاف نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے مل کر آئین کا ڈھانچہ تبدیل کر دیا ہے، سندھ میں پیپلز پارٹی کی ڈکٹیٹرشپ قائم ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ عوام ڈی چوک جانے کو تیار ہیں اور عمران خان کی کال کا انتظار ہے، عوام کو تیار رہنا ہے اور یہی جذبہ و جنوں رکھنا ہے، ہم کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ہمارے حقوق ختم کرے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ قوم کے لیڈر کو بلا جواز جیل میں رکھیں، جب بھی عمران خان کا حکم ہوگا ہم ویسا کریں گے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ سندھ کی ہونے والی فسطائیت ہمیشہ یاد رہے گی، ہمارا راستہ روکا نہیں جاسکتا ہے۔

مقبول خبریں