اسلام آباد:
وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پوری امت کا اجماع ہے کہ پاکستان کی ریاست کے خلاف کوئی جہاد نہیں ہو سکتا، پکڑے گئے اور مارے گئے دہشت گردوں کا اسلام سے دور تک کوئی تعلق نہیں۔
قومی پیغام امن کمیٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ قومی پیغام امن کمیٹی کے سیکریٹریٹ کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے، ملک میں امن کے لیے علمائے کرام کا اہم کردار ہے، دہشت گردوں کا کوئی مذہب اور ملک نہیں، پیغام امن کمیٹی اس نظریئے کو آگے لے کر چلے گی کہ دہشت گردوں کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پوری امت کا اجماع ہے کہ پاکستان کی ریاست کے خلاف کوئی جہاد نہیں ہو سکتا، ہم امن کا فروغ چاہتے ہیں، علماء کرام نے ہر دور میں ملک کی خدمت کی ہے، قومی پیغام امن کمیٹی بااختیار ہے، قومی پیغام امن کمیٹی کا مقصد امن کے پیغام کو پھیلانا ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ اسلام امن کا مذہب ہے، یہ پیغام گھر گھر پہنچایا جائے گا، پشاور کے دورہ کے موقع پر تمام مکتبہ فکر کے علماء کرام سے بات چیت ہوگی، ہمارا عزم ہے کہ ہم نے دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہے، پکڑے گئے اور مارے گئے دہشت گردوں کا اسلام سے دور تک کوئی تعلق نہیں۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کو بیرونی فنڈنگ ہو رہی ہے، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج دم بدن بے نقاب ہو رہے ہیں، دہشت گرد معصوم لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، امن کے پیغام کو عام کریں گے۔