مشہور گلوکار پر خاتون کے الزامات کے بعد 16 ملین ڈالر کا مقدمہ دائر

الزام لگانے والی خاتون کے مطابق یہ واقعہ 2018 کا ہے، جب وہ اور پروڈیوسر ایک ہی کلاس کے ساتھی تھے


ویب ڈیسک January 12, 2026

عالمی شہرت یافتہ لاطینی گلوکار بیڈ بنی ایک بڑے قانونی تنازع کی زد میں آگئے ہیں۔

گلوکار پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے اپنی موسیقی میں ایک خاتون کی آواز اس کی اجازت کے بغیر استعمال کی، جس پر ان کے خلاف 16 ملین ڈالر ہرجانے کا مقدمہ دائر کردیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 31 سالہ بیڈ بنی کے خلاف یہ مقدمہ ان کے مقبول گانے ’’Solo de Mí‘‘ (ریلیز 2018) اور حالیہ گانے ’’EoO‘‘ (ریلیز 2025) میں وائس ریکارڈنگ کے استعمال پر دائر کیا گیا ہے۔

رولنگ اسٹون اور بِل بورڈ کے مطابق یہ کیس 5 جنوری 2026 کو پورٹو ریکو میں بیڈ بنی، ان کے پروڈیوسر لا پاسیئنسیا (روبرٹو روسادو) اور میوزک لیبل رِماس انٹرٹینمنٹ کے خلاف درج کیا گیا۔

مقدمہ دائر کرنے والی خاتون، ٹینالی وائی سیرانو رویرا کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے اپنی آواز کی ایک ریکارڈنگ بیڈ بنی کے پروڈیوسر کو بطور ذاتی احسان بھیجی تھی، جو بعد میں تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کرلی گئی۔ ان کے مطابق یہ واقعہ 2018 کا ہے، جب وہ اور پروڈیوسر ایک ہی کلاس کے ساتھی تھے۔

ٹینالی سیرانو کا کہنا ہے کہ انہیں اس وائس ریکارڈنگ کے عوض کبھی کوئی معاوضہ نہیں دیا گیا، اسی بنیاد پر انہوں نے 16 ملین ڈالر ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ ان کی اجازت کے بغیر آواز کا استعمال قانونی اور اخلاقی طور پر غلط ہے۔

رپورٹس کے مطابق بیڈ بنی اور ان کا میوزک لیبل مئی 2026 میں عدالت میں الزامات کا باضابطہ جواب جمع کرائیں گے۔ واضح رہے کہ دونوں متنازع گانے ریلیز کے وقت زبردست کامیابی حاصل کر چکے ہیں، جنہوں نے نہ صرف شائقین میں مقبولیت حاصل کی بلکہ میوزک چارٹس پر بھی نمایاں پوزیشنز حاصل کیں۔

مقبول خبریں