افغان کرکٹر محمد نبی اور انکے بیٹے نے ایک ہی ٹیم میں کھیل کر تاریخ رقم کردی

دونوں نے ایک ہی ٹیم میں ساتھ کھیل کر باپ بیٹے کی پہلی جوڑی ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا


ویب ڈیسک January 12, 2026

افغانستان کے لیجنڈ آل راؤنڈر محمد نبی اور ان کے بیٹے حسن عیسیٰ خیل نے ایک ہی ٹیم میں کھیل کر نئی تاریخ رقم کر دی۔

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں دونوں نے ایک ہی ٹیم میں ساتھ کھیل کر باپ بیٹے کی پہلی جوڑی ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ 

سلہٹ میں ڈھاکا کیپیٹلز کے خلاف نوآخالی ایکسپریس کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے ڈیبیو میچ میں حسن عیسیٰ خیل نے 92 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ میچ سے قبل محمد نبی نے ٹاس سے پہلے اپنے بیٹے کو نوآخالی کی کیپ پیش کی۔

واضح رہے کہ نوآخالی ٹیم مینجمنٹ کو ابتدائی چھ میچز میں ناکامی کے بعد شدید تنقید کا سامنا تھا، جس کے بعد ٹیم میں متعدد تبدیلیاں کی گئیں اور حسن عیسیٰ خیل کی بھی ٹیم میں شمولیت ہوئی جنہوں نے میدان میں اترتے ہی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور ثبوت دیا۔

حسن عیسیٰ خیل نے 60 گیندوں پر 7 چوکے اور 5 چھکے لگائے اور اپنی ٹیم کی اننگز کو سہارا دیا۔ انہوں نے ابتدا میں سومیا سرکار کے ساتھ اوپننگ شراکت میں 101 رنز جوڑے جبکہ بعد ازاں اپنے والد محمد نبی کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 53 رنز کی اہم پارٹنرشپ قائم کی۔

حسن کی بیٹنگ میں والد محمد نبی کی جھلک واضح نظر آئی۔ وہ بھی بیٹ کو نیچے سے پکڑتے ہیں اور ان کا اسٹانس پُرسکون ہے۔ اس کے علاوہ آف اسٹمپ کے باہر ڈرائیوز، اسکوائر کٹس، فلکس اور شاندار پل شاٹس میں نبی کی جھلک نظر آتی رہی، خاص طور پر پل شاٹ نے شائقین کو خاصا متاثر کیا۔

باپ بیٹے نے 14 ویں اوور میں ایک ساتھ کریز سنبھالی۔ اس موقع پر ڈھاکا کیپیٹلز کے وکٹ کیپر اور محمد نبی کے دیرینہ افغان ساتھی رحمان اللہ گرباز نے دونوں کو ایک ساتھ دیکھتے ہی گلے لگالیا۔

پارٹنرشپ کے دوران محمد نبی مسلسل بیٹے کی حوصلہ افزائی کرتے رہے، تاہم بیٹنگ میں برتری حسن عیسیٰ خیل کے پاس رہی۔ 

محمد نبی نے 13 گیندوں پر 17 رنز بنائے اور عبداللہ المامون کی گیند پر آؤٹ ہوئے، جبکہ اگلے ہی اوور میں حسن عیسیٰ خیل محمد سیف الدین کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ محمد نبی اس سے قبل بھی مسابقتی میچز میں اپنے بیٹے کے خلاف کھیل چکے ہیں اور گزشتہ سال حسن عیسیٰ خیل کا نبی کو چھکا لگانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی تھی۔

حسن عیسیٰ خیل کی اس شاندار کارکردگی کے بعد امکان ہے کہ انہیں آئندہ میچز میں بھی محمد نبی کے ساتھ پلیئنگ الیون میں مزید مواقع ملیں گے اور یوں کرکٹ تاریخ کی یہ منفرد باپ بیٹے کی جوڑی مزید آگے بڑھ سکتی ہے۔

محمد نبی نے بیٹے کے ساتھ ایک ہی میچ کھیلنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ لمحہ وہ طویل عرصے سے دیکھنا چاہتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ کریز پر ہم مسلسل بات کر رہے تھے کہ اگلی گیند تیز ہوگی یا سلو اور اس نے ہر صورتحال کو بخوبی پڑھا۔

محمد نبی نے مزید کہا کہ حسن عیسیٰ خیل گزشتہ دو برس سے مسلسل محنت کر رہے ہیں، ڈومیسٹک کرکٹ، فرسٹ کلاس، ون ڈے، شپیغیزا لیگ، نیپال پریمیئر لیگ اور اب بی پی ایل میں ان کی کارکردگی شاندار رہی ہے اور امید ہے کہ جلد انہیں افغانستان کی قومی ٹیم میں بھی دیکھا جائے گا۔

دوسری جانب حسن عیسیٰ خیل نے کہا کہ قومی ٹیم میں اپنے والد کے ساتھ کھیلنا ان کا بھی خواب ہے اسی لیے میں سخت محنت کر رہا ہوں۔ بیٹنگ اسٹائل سے متعلق سوال پر حسن نے کہا کہ وہ جان بوجھ کر اپنے والد کی نقل نہیں کرتے۔ اس پر محمد نبی مسکراتے ہوئے بولے کہ ’یہ سب قدرتی ہے، یہ جینز میں ہے‘۔

مقبول خبریں