بی بی ایل میں شرمناک لمحہ؛ سست بیٹنگ پر رضوان کو کپتان نے واپس بلالیا

میچ میں محمد رضوان نے 23 گیندوں پر 26 رنز بنائے


ویب ڈیسک January 12, 2026

بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں سست بیٹنگ پر کپتان نے محمد رضوان کو ریٹائرڈ آؤٹ کرادیا۔

بی بی ایل سیزن 15 کے 33 ویں میچ میں پیر کے روز میلبورن رینیگیڈز اور سڈنی تھنڈر آمنے سامنے تھے۔ میچ کے دوران اس وقت غیر معمولی صورتحال پیدا ہوئی جب وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو بیٹنگ کے دوران ریٹائر آؤٹ کردیا گیا۔

میلبورن رینیگیڈز کی جانب سے ایک حیران کن فیصلہ سامنے آیا جہاں ٹیم کے کپتان نے دورانِ میچ محمد رضوان کو مبینہ طور پر سست رفتار بیٹنگ پر کریز چھوڑنے کا کہہ دیا۔

محمد رضوان اُس وقت 23 گیندوں پر 26 رنز بناکر کریز پر موجود تھے تاہم اسی دوران کپتان ول سدرلینڈ نے انہیں پویلین واپسی کا اشارہ کیا تاکہ وہ خود بیٹنگ کے لیے میدان میں آ سکیں۔

بگ بیش لیگ کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ کپتان رضوان کو میدان چھوڑنے کا کہتے ہیں، جس پر کمنٹیٹرز کی جانب سے بھی تبصرہ کیا گیا کہ یہ فیصلہ پہلے بھی لیا جا سکتا تھا۔ یہ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

واقعے پر کرکٹ شائقین نے سخت ردعمل ظاہر کیا اور محمد رضوان کو اس انداز میں ریٹائر آؤٹ کیے جانے کو نامناسب اور شرمناک قرار دیا۔

یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ محمد رضوان رواں بی بی ایل سیزن میں بیٹنگ کے حوالے سے ردھم حاصل کرنے میں ناکام دکھائی دیے ہیں۔ وہ اب تک 8 میچز میں 167 رنز بنا سکے ہیں، اوسط 20.88 رہی ہے جبکہ کوئی بھی نصف سنچری اسکور نہیں کر پائے۔

مذکورہ میچ میں سڈنی تھنڈرز نے ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت چار وکٹوں سے کامیابی سمیٹ لی۔

مقبول خبریں