بالی ووڈ کی سابق اداکارہ سنگیتا بجلانی 65 برس کی عمر میں بھی اپنی فِٹنس، صحت اور متوازن طرزِ زندگی کے باعث مداحوں کی توجہ حاصل کیے ہوئے ہیں۔ وقت کے ساتھ اسکرین سے دوری کے باوجود ان کی شخصیت اور انداز آج بھی فِٹنس کے شوقین افراد کے لیے مثال بنے ہوئے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنگیتا بجلانی باقاعدہ ورزش کے ساتھ صحت بخش غذا کو اپنی روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ بنائے ہوئے ہیں۔ وہ سادہ مگر غذائیت سے بھرپور کھانوں کو ترجیح دیتی ہیں، جس کی جھلک اکثر ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر دیکھنے کو ملتی ہے۔
حال ہی میں سنگیتا بجلانی نے انسٹاگرام پر اپنے دن کے آغاز کی ایک تصویر شیئر کی، جس میں ان کا پسندیدہ ناشتہ دکھایا گیا۔ اس ناشتے میں ناریل کے دودھ میں بھگوئے گئے چیا سیڈز، کیلا، مختلف خشک میوے اور غذائی بیج شامل تھے۔ اس کے ساتھ انہوں نے نرم ابلے ہوئے انڈے اور گرین ٹی بھی لی، جو توانائی اور صحت دونوں کے لیے فائدہ مند سمجھی جاتی ہے۔
تصویر کے ساتھ شیئر کیے گئے کیپشن میں سنگیتا بجلانی نے اپنے ناشتے کی تفصیل بیان کرتے ہوئے اسے صحت مند طرزِ زندگی کا حصہ قرار دیا۔ ان کے انسٹاگرام پیج پر اس نوعیت کی پوسٹس عام ہیں، جہاں وہ متوازن غذا اور فِٹنس سے متعلق اپنی روٹین مداحوں کے ساتھ شیئر کرتی رہتی ہیں، جو کئی لوگوں کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث بنتی ہیں۔
سنگیتا بجلانی نے 1988 میں فلم ’قاتل‘ کے ذریعے بالی وڈ میں قدم رکھا اور جلد ہی اپنی اداکاری سے پہچان بنا لی۔ وہ ’تری دیو‘، ’ہتھیار‘، ’جرم‘، ’یودھا‘، ’یگندھر‘، ’عزت‘ اور ’لکشمن ریکھا‘ جیسی متعدد فلموں میں جلوہ گر ہوئیں۔ 1996 میں ریلیز ہونے والی فلم ’نربھے‘ ان کی آخری فلم ثابت ہوئی، جس کے بعد انہوں نے فلمی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کر لی۔