وزیر دفاع خواجہ آصف 2 روزہ دورے پر مراکش پہنچ گئے، جہاں اُن کا استقبال مراکشی فوج اور اعلیٰ سرکاری حکام نے کیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر دفاع خواجہ محمد آصف 12 سے 14 جنوری 2026 تک مملکتِ مراکش کا سرکاری دورے پر کاسابلانکا پہنچے۔
وزیر دفاع کا ایئرپورٹ آمد پر میجر جنرل احمد حطوطو، کمانڈر کاسابلانکا آرمی، اعلیٰ سرکاری حکام اور پاکستان کے سفیر سید عادل گیلانی نے استقبال کیا۔
اعلامیے کے مطابق دورے کے دوران پاکستان اور مراکش کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے جائیں گے جو دونوں ممالک کے باہمی دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
وزیر دفاع مراکش کے وزیرِ مملکت برائے قومی دفاعی انتظامیہ عبد اللطیف لودیعی سے ملاقات کریں گے جبکہ باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے وفود کی سطح پر مذاکرات کی قیادت بھی کریں گے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط پاکستان اور مراکش کے دفاعی تعلقات میں ایک تاریخی اور باہمی مفاد پر مبنی پیش رفت کی حیثیت رکھتے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق معاہدے کے تحت مستقل دفاعی روابط کے لیے ادارہ جاتی فریم ورک قائم ہوگا، معاہدے کے تحت دفاع و سلامتی سے متعلق مختلف شعبوں میں مستقبل کے تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جن میں عسکری تربیت، تجربات کا تبادلہ، استعداد کار میں اضافہ اور دیگر مشترکہ اقدامات شامل ہیں۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیر دفاع کا دورہ پاکستان اور مراکش کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کا مظہر ہے، اس دورہ سے دفاع، سلامتی اور دیگر مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے باہمی عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔