کراچی: مختلف مبینہ پولیس مقابلوں میں 3 زخمی سمیت 4 ڈاکو گرفتار

زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت 40 سالہ نسیم ولد رفیق کے نام سے کی گئی


ویب ڈیسک January 13, 2026

اسٹیل ٹاؤن ، کھارادر اور پاکستان بازار پولیس نے مبینہ مقابلوں میں 3 زخمی سمیت 4 ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے اسلحہ اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹاؤن پولیس نے پیر اور منگل کی درمیانی شب فلٹر پلانٹ کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، زخمی حالت میں گرفتار ملزم کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت 40 سالہ نسیم ولد رفیق کے نام سے کی گئی ، گرفتار ملزم سے ایک ایم پی  5رائفل ، موبائل فون ، کیش رقم اور ایک کوسٹر برآمد کر لی گئی۔

قائدآباد پولیس نے پیر اور منگل کی درمیانی شب مولا مدد قبرستان کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، زخمی حالت میں گرفتار ملزم کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت 26 سالہ عطاء اللہ عرف مایا ولد شاہنواز کے نام سے کی گئی۔

گرفتار ملزم کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ، گرفتار ملزم سے ایک پستول بمعہ گولیاں ، موبائل فونز اور نقد رقم برآمد کی گئی ، گرفتار ملزم کا کرمنل ریکارڈ مختلف تھانوں سے چیک کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب پاکستان بازار پولیس نے پیر اور منگل کی درمیانی شب اورنگی ٹاؤن پاکستان بازار تھورانی گوٹھ سے مبینہ مقابلے کے بعد زخمی سمیت 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا ، زخمی حالت میں گرفتار ملزم کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت 22 سالہ کبیر ولد کریم کے نام سے کی گئی۔

دوسرے گرفتار ملزم نے اپنا نام سلیم ولد نسیم بتایا ، گرفتار ملزمان سے دو پستولیں بمعہ گولیاں ، موبائل فونز ، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔
 

مقبول خبریں