سیکیورٹی فورسز کی طورخم بارڈر پر کارروائی، اسحلہ اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام

ٹرک کے ڈرائیور کو گرفتار کر کے مزید تفتیش کے لیے جیل منتقل کر دیا گیا ہے


احتشام خان January 13, 2026
فوٹو: ایکسپریس نیوز

پشاور:

سیکیورٹی فورسز نے افغانستان سے متصل طورخم بارڈر پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسلحہ اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ افغانستان سے آنے والے خالی ٹرک کی تلاشی کے دوران خفیہ خانوں سے بڑی مقدار میں گولیوں کے راؤنڈ اور میگزین برآمد ہوئے۔

ذرائع نے بتایا کہ پکڑی گئی گاڑیاں پاکستان سے غیرقانونی طور پر مقیم افغان خان دانوں کا سامان لے کر افغانستان جاتی ہیں اور واپسی پر خالی آتی ہیں تاہم سیکیورٹی کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ برآمد شدہ سامان میں 5.56 ملی میٹر کے 14,020 راؤنڈز، 7.62 ملی میٹر کے 3,300 راؤنڈز، ایس ایم جی کے 1,700 راؤنڈز، ایک عدد ایس ایم جی، ایس ایم جی کے 20 میگزین اور دیگر متفرق اسلحہ اور پرزہ جات شامل ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ ٹرک کے ڈرائیور کو گرفتار کر کے مزید تفتیش کے لیے جیل منتقل کر دیا گیا ہے اور اسمگلنگ میں ملوث دیگر عناصر کے خلاف قانونی کارروائی اور تحقیقات جاری ہیں۔

مقبول خبریں