پاکستان کے باصلاحیت نوجوان بلے باز سمیر منہاس نے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ جیتنے کو اپنا مشن قرار دے دیا۔
انڈر 19 ایشیا کپ اور زمبابوے کے خلاف سیریز میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ریکارڈز پر ریکارڈ قائم کرنے والے سمیر منہاس کا کہنا ہے کہ وہ 15 جنوری سے شروع ہونے والے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان کو چیمپئن بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
سمیر منہاس نے اپنے کرکٹ سفر کے حوالے سے بتایا کہ ان کی بنیاد اسٹریٹ کرکٹ سے پڑی جہاں سے انہوں نے کھیل کی بنیادی مہارتیں سیکھیں۔ نوجوان بیٹر کا کہنا تھا کہ ان کے والد اور بھائی نے کرکٹ کھیلنے کے لیے بھرپور سپورٹ فراہم کی، جس کی بدولت وہ آج اس مقام تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی بڑی کامیابی کے پیچھے ٹیم کا اتحاد سب سے اہم ہوتا ہے، اور خوش آئند بات یہ ہے کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم مکمل طور پر متحد ہے اور ورلڈ کپ کے لیے پُرعزم نظر آتی ہے۔
واضح رہے کہ سمیر منہاس نے انڈر 13 کی سطح سے اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز کیا۔ نیشنل انڈر 19 کپ میں 400 سے زائد رنز اسکور کرنا ان کی پہچان بن گیا، جس کے باعث وہ مسلسل سلیکٹرز کی نظروں میں رہے۔
ان کی شاندار کارکردگی کا صلہ انہیں گزشتہ برس دسمبر میں ہونے والے انڈر 19 ایشیا کپ کے اسکواڈ میں شمولیت کی صورت میں ملا، جہاں انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ سمیر منہاس نے فائنل میں روایتی حریف بھارت کے خلاف یادگار اننگز کھیلتے ہوئے پاکستان کو ٹرافی دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
نوجوان بلے باز نے نہ صرف انڈر 19 ایشیا کپ میں ناقابلِ فراموش سنچری اسکور کی، بلکہ تین ملکی ون ڈے سیریز کے فائنل میں تیز ترین سنچری بنانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا، جس کے بعد وہ پاکستان انڈر 19 کرکٹ کی ایک ابھرتی ہوئی امید بن کر سامنے آئے ہیں۔