کراچی کے عباسی شہید اسپتال کے بچہ وارڈ میں آتشزدگی کا واقعہ

عملے نے بروقت اقدامات کیے جس کی وجہ سے آگ پر قابو پالیا گیا


شاہ میر خان January 14, 2026

بلدیہ عظمی کراچی کے ماتحت چلنے والے سرکاری اسپتال عباسی شہید کے بچہ وارڈ میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ناظم آباد میں واقع عباسی شہید اسپتال کے بچہ وارڈ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث وارڈ میں دھواں بھر گیا۔

عملے نے ذہانت اور بروقت اقدامات کر کے آگ پر فوری طور پر قابو پالیا جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

آگ بجھنے کے باوجود بھی انتظامیہ کی جانب سے کولنگ کے عمل کیلیے فائر بریگیڈ کو نہیں بلایا گیا تاہم منتظمین نے دورہ کرنے کے بعد صورت حال پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اسپتال کے بچہ وارڈ میں لگنے والی آگ کی وجہ سامنے نہیں آسکی تاہم آتشزدگی کے دوران کسی بھی بڑے نقصان سے بچنے کیلیے بجلی منقطع کردی گئی تھی جس کو آگ بجھنے کے بعد کھول دیا گیا۔

آتشزدگی کے باعث اسپتال میں داخل بچوں کے اہل خانہ شدید پریشانی کا شکار بھی ہوئے تاہم انہوں نے عملے کے بروقت اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر ایسا نہ ہوتا تو بڑا نقصان ہوسکتا تھا۔

 

مقبول خبریں