یوم آزادی پر شہدائے تحریک آزادی کو خراج عقیدت پیش شہر میں آتش بازی ملی نغموں کی گونج

اہم عمارتوں پر چراغاں،کئی مقامات پر آتش بازی ہوئی، سڑکوں پر نوجوان یوم آزادی کی شب ملی نغموں پر رقص


Staff Reporter August 15, 2014
فائیو اسٹار چورنگی پر فلم جناح دکھائی گئی، فنکاروں نے ملی نغمے پیش کیے، اسکولوں میں یوم آزادی کی تقاریب، بینڈز نے دھنیں پیش کیں۔ فوٹو: آن لائن

شہر میں یوم آزادی کی شب کئی مقامات پر چراغاں اور آتش بازی کے مظاہروں میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

گلی محلوں میں جذبہ آزادی سے سرشار نوجوان یوم آزادی کی شب اسپیکروں پر ملی نغمے لگاکر والہانہ رقص اور آزادی کے نعرے لگارتے رہے،یوم آزادی کی تقاریب میں شہدائے آزادی اور اکابرین تحریک آزادی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا، تفصیلات کے مطابق یو م آزادی کے موقع پر بدھ کی رات کراچی کے ساحل سی ویو سمیت شہرکے مختلف مقامات پرآتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، شہر کی اہم عمارتوں پر چراغاں کے باعث رات بھر شہری چراغاں دیکھتے رہے ، شہر بھر میں میوزیکل پروگراموں میں فنکاروں نے ملی نغمے پیش کیے۔

نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی پر پاکستان کی آزادی کے حوالے سے بنائی گئی فلم جناح پیش کی گئی جسے شہریوں کی بڑی تعداد دکھائی، یوم آزادی کے حوالے سے معروف ٹی وی پرڈیوسر امجد شاہ نے5 زبانوں اردو ، پنجابی، سندھی، پشتو اور بلوچی میں بنایا گیا ملی نغمہ تیار کیا ہے، شہر کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں یوم آزادی کے حوالے تقاریب کا اہتمام کیا گیا تھا جن میں بچوں نے ملی نغمے اور ٹیبلوز پیش کیے مختلف مقامات میں ہونیوالے پروگراموں میں اسکول اور کالجز کے بچوں اور میوزیکل بینڈز نے قومی ترانوں اور ملی نغموں کی دھنیں پیش کیں۔

آرٹس کونسل میں جاری آئی ایم یوتھ میلے کے دوران یوم آزادی کے حوالے خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں نوجوان فنکاروں نے ملی نغمے اور ٹیبلو پیش کیے، جامعہ کراچی میں یوم آزادی کی تقریب میں وائس چانسلر ڈاکٹر محمد قیصر نے کہا کہ وطن عزیز کے طلبہ وطالبات اور اساتذہ اس کی تعمیر وترقی میں اپنا فعال کردار اداکررہے ہیں، شیخ الجامعہ نے پرچم کشائی کے بعد یوم آزادی کا کیک کاٹا تقریب اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

کراچی بار ایسوسی ایشن کے وکلا نے کراچی بار میں قومی پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی اس موقع پر چاروں اضلاع کے سیشن ججز وکلا رہنماؤں اور خواتین وکلا نے شرکت کی کراچی بار کے نثار احمد شر سمیت دیگر وکلا نے ججز کو بیجز لگائے وکلا اور ججز نے قومی ترانہ سنا اور ملک کی سلامتی اور ترقی کیلیے دعا کی خواتین وکلا کی جانب سے قومی ملی نغمے پیش کیے گئے، مسلم لیگ (ق )سندھ کے صوبائی سیکرٹریٹ میں یوم آزادی کی تقریب میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ،پرچم کشائی کے بعد مسلم لیگ کے کارکنوں کی مزار قائد پر حاضری پھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور ملکی سلامتی کی دعائیں مانگنے کے ساتھ فاتحہ خوانی کی گئی۔