ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ زوئی سلڈانہ نے فلمی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے اور وہ اب دنیا کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی اداکارہ بن گئی ہیں۔
برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق 47 سالہ آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ نے اس فہرست میں اسکارلٹ جوہانسن کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
نئی فلم ’اواتار:فائر اینڈ ایش‘ کی کامیابی کے بعد زوئی سلڈانہ کی فلموں کی مجموعی کمائی 15.46 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق سلڈانہ کی اس شاندار کامیابی میں اواتار فرنچائز کا بڑا کردار ہے جبکہ مارول سنیماٹک یونیورس میں گیمورا کے کردار نے بھی انہیں عالمی شہرت دلائی۔
اس کے علاوہ وہ گارڈینز آف دی گلیکسی، ایونجرز فلموں، اسٹار ٹریک سیریز اور پائریٹس آف دی کیریبین کی پہلی فلم میں بھی نظر آچکی ہیں۔

گزشتہ برس اسکارلٹ جوہانسن نے فلم ’جراسک ورلڈ ری برتھ‘ کی بدولت سرفہرست مقام حاصل کیا تھا، مگر اب یہ اعزاز زوئی سلڈانہ کے نام ہو چکا ہے۔
اگرچہ ’اواتار:فائر اینڈ ایش‘باکس آفس پر پچھلی فلموں کے مقابلے میں سست رفتار رہی تاہم ریلیز کے بعد سے ڈومیسٹک مارکیٹ میں نمبر ون پوزیشن پر برقرار ہے۔
زوئی سلڈانہ نے گزشتہ سال نیٹ فلکس کی فلم ’ایمیلیا پیریز‘میں معاون اداکارہ کے کردار پر آسکر ایوارڈ بھی جیتا تھا۔

اس وقت وہ ایکشن ڈرامہ سیریز ’لائینیس‘ کے اگلے سیزن پر کام کر رہی ہیں۔