بنگلا دیش کے کرکٹرز نے بی سی بی کے اعلیٰ عہدیدار کے بیان کے بعد بائیکاٹ کی وارننگ جاری کر دی۔
یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب بی سی بی کے ڈائریکٹر نظم الاسلام نے سابق اوپنر تمیم اقبال کو انڈین ایجنٹ قرار دیتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا۔
بنگلا دیش کے کرکٹرز نے وارننگ دی ہے کہ اگر بی سی بی کے ڈائریکٹر ایم نظم الاسلام نے استعفیٰ نہ دیا تو وہ کھیل کے تمام فارمیٹس کا بائیکاٹ کریں گے۔
نظم الاسلام نے تمیم اقبال کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئےسوشل میڈیا پر لکھا کہ اس بار بنگلا دیش کے عوام نے اپنی آنکھوں سے ایک اور انڈین ایجنٹ کو دیکھا ہے۔
تمیم اقبال نے حال ہی میں کہا تھا کہ بنگلا دیش کو ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے بھارت نہ جانے کے فیصلے پر احتیاط سے غور کرنا چاہیے جس کے بعد نظم الاسلام کی جانب سے تمیم اقبال کوانڈین ایجنٹ کہا گیا۔
کرکٹرز کی تنظیم کرکٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن آف بنگلا دیش کے صدر محمد میٹھن نے ایک ورچوئل پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ اگر بورڈ ڈائریکٹر استعفیٰ نہیں دیتے تو تمام میچز کو معطل کر دیا جائے گا۔
دوسری جانب بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے اس متنازع بیان سے اپنا تعلق منقطع کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بیانات بورڈ کی پالیسی یا اقدار کی نمائندگی نہیں کرتے اور مناسب ذرائع سے جاری بیانات کو ہی بورڈ کی آفیشل پوزیشن سمجھا جانا چاہیے۔
بی سی بی نے متنازع ریمارکس سے خود کو الگ کرلیا ہے اور کہا ہے کہ ان کے بیان سے بورڈ کا کوئی تعلق نہیں ہے