کراچی:
شہر قائد میں عوامی کالونی پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے شہر میں سرگرم منظم چور گروہوں کو زبردست دھچکا دے دیا۔
پولیس نے گرفتار ملزم کی نشاندہی پر الیاس گوٹھ میں قائم ایک خفیہ گودام پر چھاپہ مار کر چوری کی گئی 35 موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں۔
پولیس کے مطابق برآمد ہونے والی موٹر سائیکلوں میں 27 مکمل اور درست حالت میں جبکہ 8 موٹر سائیکلیں پارٹس کی صورت میں موجود تھیں، جو منظم نیٹ ورک کی نشاندہی کرتی ہیں۔
ایس ایچ او عوامی کالونی ملک عامر نے بتایا کہ یہ کارروائی مبینہ مقابلے کے بعد گرفتار ہونے والے ملزم کی اطلاع پر کی گئی، جس کا تعلق ایک بین الصوبائی چور گروہ سے ہے۔
دوسری جانب عوامی کالونی پولیس نے ایک اور بڑی کارروائی کے دوران چوری اور چھینے گئے موبائل فونز کے آئی ایم ای آئی نمبر تبدیل کرنے والے 3 رکنی گروہ کو گرفتار کر کے 37 موبائل فونز بھی برآمد کرلیے۔
گرفتار افراد میں ایک خطرناک ڈاکو، ایک موبائل دکاندار اور ایک سوفٹ ویئر ماہر شامل ہے، جو جدید طریقوں سے موبائل فونز کو ناقابلِ شناخت بنا کر فروخت کرتے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور اہم انکشافات متوقع ہیں، جبکہ مزید گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جا سکتی ہیں۔