قانون کے طالبعلم سے فراڈ کرنے کا معاملہ، سائبر کرائم سرکل کے انسپکٹر عدالت طلب

میرے گاؤں کا پڑوسی جو سعودی عرب میں مقیم ہے اس کے نمبر سے واٹس ایپ پر میسج موصول ہوا تھا، درخواست گزار


ویب ڈیسک January 15, 2026

جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے قانون کے طالبعلم سید صابر علی شاہ سے دھوکہ دہی اور فراڈ سے ساڑھے 3 لاکھ روپے کی رقم ہتھیانے کی انکوائری سے متعلق آئندہ سماعت پر ایف آئی اے  سائبر کرائم سرکل کے انسپکٹر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت کے روبرو قانون کے طالبعلم سید صابر علی شاہ سے دھوکہ دہی اور فراڈ سے ساڑھے 3 لاکھ روپے کی رقم ہتھیانے کی انکوائری سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ 27 دسمبر 2025 کو میرے گاؤں کا پڑوسی جو سعودی عرب میں مقیم ہے اس کے نمبر سے واٹس ایپ پر میسج موصول ہوا تھا۔

درخواست گزار نے بتایا پڑوسی نے کہا کہ میں رقم بھیج رہا ہوں جو امانت اپنے پاس رکھ لو اور انوسٹ کرنا چاہو تو کرلو۔ 27 دسمبر 2025 کو میرے واٹس ایپ پر 9 لاکھ سے زائد رقم بھیجنے کی رسید بھیجی۔ کچھ دیر بعد نجی بینک کے نمائندہ سے کال موصول ہوئی کہ آپ کے اکاؤنٹ میں رقم آگئی ہے دو دن بعد کیش ہوگی۔

سید صابر نے بتایا کہ اس کے کچھ دیر بعد میرے پڑوسی کے نمبر سے میسج آتا ہے کہ میں نے اپنے کفیل کو پاکستان میں رقم ادا کرنی ہے۔  اگر کفیل کو رقم ادا نا کی تو میرا ویزہ ایکسپائر ہو جائے گا تم رقم عرفان نامی شخص کو دینے کا کہا۔ عرفان نامی شخص نے رقم اللہ بخش کو دینے کا کہا جس کی ایزی پیسہ اکاؤنٹ میں 50 ہزار روپے منتقل کیئے۔

اس طرح مختلف نمبروں پر 3 لاکھ 64 ہزار سے زائد کی رقم منتقل کی۔ میرے پڑوسی کی بھیجی ہوئی رقم آج تک مجھے نہیں ملی، میرے ساتھ فراڈ اور دھوکہ ہوا ہے میری رقم دلوایا جائے۔

عدالت نے ایف آئی اے  سائبر کرائم سرکل کے انسپکٹر کو ذاتی حیثیت میں پیش رفت کے ساتھ طلب کرلیا۔

مقبول خبریں