واشنگٹن:
امریکی اخبار نے ایک سنسنی خیز انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے ایران کی ممکنہ تباہ کن جوابی کارروائی کے خوف کے باعث امریکا سے فوجی کارروائی ملتوی کرنے کی اپیل کی تھی۔
اخبار کے مطابق نیتن یاہو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کیا تھا کہ ایران پر براہِ راست حملہ اسرائیل کے لیے شدید خطرات پیدا کر سکتا ہے اور ایران اسرائیل پر تباہ کن حملہ کر سکتا ہے۔
کشیدگی میں اضافے پر سعودی عرب، قطر اور عمان نے بھی امریکی صدر کو حملہ ملتوی کرنے کا مشورہ دیا تھا۔
دوسری جانب وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایران امریکا کشیدگی کے تناظر میں صدر ٹرمپ کو مشورہ دیا گیا کہ ایران پر حملے سے ایرانی حکومت ختم نہیں ہوگی بلکہ اس کے نتیجے میں پورے خطے میں وسیع پیمانے پر جنگ چھڑنے کا خدشہ ہے۔
امریکی اخبار کے مطابق صدر ٹرمپ نے تاحال ایران پر حملے کا حتمی فیصلہ نہیں کیا، تاہم انہوں نے تمام امریکی فوجی وسائل کو تیار رکھنے کا حکم دے دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق واشنگٹن میں اعلیٰ سطحی مشاورت جاری ہے جبکہ ایران، اسرائیل اور امریکا کے درمیان بڑھتی کشیدگی نے دنیا کو ایک ممکنہ بڑی جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔