گجرانوالہ؛ 6 سالہ بچی کا زیادتی کے بعد قتل، ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

ملزم عثمان 6 سالہ بچی سے زیادتی اور قتل کے مقدمے میں ریمانڈ پر تھا، پولیس


ویب ڈیسک January 16, 2026

گجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں 4 مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران ایک ملزم ہلاک اور 4 زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔

تھانہ صدر کامونکی کے مطابق 6 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والا ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔ سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈویژنل ایس پیز سے رپورٹ طلب کر لی۔

ملزم عثمان 6 سالہ بچی سے زیادتی اور قتل کے مقدمے میں ریمانڈ پر تھا، جو پولیس حراست سے فرار ہوتے وقت اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا جبکہ تین نامعلوم ساتھی فرار ہوگئے۔

تھانہ سول لائن میں پولیس مقابلے کے دوران ریکارڈ یافتہ منشیات فروش طارق پولیس پارٹی پر فائرنگ کے بعد فرار ہوتے ہوئے ڈیوائیڈر لائن سے ٹکرا کر زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، ملزم سے 1560 گرام چرس اور ناجائز اسلحہ برآمد ہوا۔

تھانہ دھلے کی حدود میں منشیات کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم شہباز عرف نیرا پولیس ناکے سے فرار ہوتے ہوئے بجلی کے پول سے ٹکرا کر زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، ملزم سے 1460 گرام ہیروئن برآمد ہوئی جبکہ ساتھی فرار ہوگیا۔

تھانہ کھیالی کی حدود میں دو منشیات فروش پولیس ناکے سے فرار ہوتے ہوئے زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے، ملزم افتخار کے قبضے سے 1240 گرام چرس اور ملزم عرفان عرف فرحان سے 1080 گرام چرس برآمد کی گئی۔

سرکل افسران کی زیر نگرانی فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔

سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کا کہنا تھا کہ پرامن اور محفوظ معاشرے کی تشکیل کے لیے جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کی بیخ کنی ناگزیر ہے۔

مقبول خبریں