بھارتی کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی کے ہم شکل نوجوان ماضی میں کئی بار سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کرچکے ہیں، مگر اس بار منظر کچھ مختلف اور کہیں زیادہ دلکش ہے۔
اس مرتبہ ویرات کوہلی کی شکل سے مشابہت رکھنے والا کوئی نوجوان نہیں بلکہ ایک معصوم سا بچہ صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے، جسے مداحوں نے پیار سے ’چھوٹا چیکو‘ کہنا شروع کردیا ہے۔
یہ دلچسپ لمحہ اُس وقت سامنے آیا جب وڈودرا میں نیوزی لینڈ کے خلاف ایک روزہ میچ سے قبل ویرات کوہلی کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ تصویر میں کوہلی ایک ننھے بچے کے ساتھ کھڑے دکھائی دے رہے ہیں، جس کی معصوم صورت اور کوہلی سے غیر معمولی مشابہت نے مداحوں کے دل جیت لیے۔

بعد میں معلوم ہوا کہ اس بچے کا نام گروِت اُتم ہے، جو ہریانہ کے شہر پنچکولا سے تعلق رکھتا ہے۔ گروِت نے ایک حالیہ انٹرویو میں اس یادگار ملاقات کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ جب ویرات کوہلی کی نظر اس پر پڑی تو وہ مسکرا دیے اور اسے پیار سے ’چھوٹا چیکو‘ کہہ کر پکارا۔
گروِت کے مطابق وہ اس وقت اسٹینڈز میں کھڑے ہو کر زور زور سے ’ویرات، ویرات‘ کے نعرے لگا رہا تھا کہ کوہلی نے اسے دیکھ لیا اور ہاتھ کے اشارے سے کہا، ’ابھی آتا ہوں‘۔ ننھے مداح کے لیے یہ لمحہ ناقابلِ یقین تھا، لیکن کچھ ہی دیر بعد ویرات کوہلی واقعی اس کے پاس آگئے۔
گروِت نے بتایا کہ ویرات کوہلی نے اس موقع پر بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کو بھی بلایا اور ہنستے ہوئے کہا، ’ادھر دیکھو، میرا ڈپلیکیٹ بیٹھا ہے‘۔ یہ منظر وہاں موجود شائقین کے لیے بھی خوشی کا باعث بن گیا۔
واضح رہے کہ ویرات کوہلی کو کرکٹ حلقوں میں ان کے بچپن کے لقب ’چیکو‘ سے جانا جاتا ہے، اور اب یہی لقب انہوں نے اپنے ننھے ہم شکل کو بھی دے دیا ہے۔ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں گرَوِت نے بتایا کہ وہ خود بھی کرکٹ کھیلتا ہے، ویرات کوہلی اس کے پسندیدہ کھلاڑی ہیں اور وہ بھی ان ہی کی طرح دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرتا ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ اس سے قبل بھی ویرات کوہلی کے ہم شکل افراد سوشل میڈیا پر مقبول ہوتے رہے ہیں، مگر اس ننھے ’چھوٹے چیکو‘ نے اپنی معصومیت اور خوش قسمت ملاقات کے باعث مداحوں کے دلوں میں خاص جگہ بنا لی ہے۔