خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر اور سابق امیدوار برائے صوبائی اسمبلی مولانا وحید گل کی رہائش گاہ پر بم حملہ کیاگیا۔
پولیس کے مطابق مولانا وحید گل کی رہائش گاہ پر گزشتہ روز بم حملہ کیا گیا جو زور دار دھماکے سے پھٹا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس کے مطابق دھماکے میں گھر، حجرہ اور ایک گاڑی کو شدید نقصان پہنچا ۔
پولیس کے مطابق دھماکہ خیز مواد مولانا وحید گل کے حجرے کے مرکزی گیٹ کے قریب نصب کیا گیا تھا۔ واقعے کے وقت مولانا وحید گل گھر پر موجود نہیں تھے، جس کے باعث وہ محفوظ رہے۔
ڈی پی او باجوڑ وقاص رفیق کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملے میں آئی ای ڈی استعمال کی گئی۔ دھماکے کے فوراً بعد پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کر لیے اور تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔