ڈی آئی خان:
کرک کے علاقے صابرآباد غنڈی میرخان خیل میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص نے اپنے ہی اہل خانہ پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں کمسن بچیوں اور خواتین سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں میں ملزم کی اپنی بیوی، بیٹی، بہن، 2 بھائی اور انکی بیویاں شامل ہیں۔ موقع پر مقامی افراد، پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو ٹیم پہنچ گئی اور تمام لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال کرک منتقل کر دیں۔
ریسکیو1122 کے مطابق غنڈی میرخان خیل کرک میں فائرنگ کے واقعے میں 2 بچوں، 2 خواتین سمیت 7 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جن میں 50 سالہ ظفر اللہ، 48 سالہ خورشید، 40 اور 30 سالہ 2 خواتین، 6 سال اور 3 ماہ کی 2 بچیاں شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق گھریلو ناچاقی کے باعث ملزم فاروق عرف فاروقائے نے اپنے ہی گھر والوں پر فائرنگ کی جبکہ ملزم پولیس پر بھی مسلسل فائرنگ کر رہا تھا۔
ڈی پی او کرک سعود حان کے مطابق گھر میں فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔