موبائل گیم کھیلنے سے منع کرنے پر بچے نے والد کو گولی مار کر قتل کر دیا

مقتول کی اہلیہ نے پولیس کو بتایا کہ وہ ایک زور دار آواز سے جاگیں اور انہیں جلنے یا آتش بازی جیسی بو محسوس ہوئی


ویب ڈیسک January 19, 2026

امریکی ریاست پنسلوانیا میں ایک افسوسناک واقعے میں 11 سالہ بچے نے مبینہ طور پر موبائل گیم کھیلنے سے منع کرنے پر اپنے والد کو گولی مار کر قتل کر دیا۔

پولیس کے مطابق 42 سالہ ڈگلس ڈیٹس اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے، جن کے سر پر گولی لگنے کا زخم موجود تھا۔

ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس نے مقتول کے 11 سالہ بیٹے کلیٹن کو گرفتار کر کے اس کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقتول کا کمرہ بچے کے کمرے کے ساتھ ہی واقع تھا اور فائرنگ کا واقعہ رات کے وقت پیش آیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ بچے کی سالگرہ کے روز پیش آیا۔ چند گھنٹے قبل ہی گھر میں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا تھا اور والدین نے بچے کے لیے ہیپی برتھ ڈے گایا تھا۔

مقتول کی اہلیہ نے پولیس کو بتایا کہ وہ ایک زور دار آواز سے جاگیں اور انہیں جلنے یا آتش بازی جیسی بو محسوس ہوئی۔ شوہر کو جگانے کی کوشش کی گئی مگر وہ بے ہوش تھے۔

خاتون کے مطابق ابتدا میں انہیں کسی مائع کے ٹپکنے کی آواز سنائی دی، تاہم روشنی جلانے پر معلوم ہوا کہ وہ پانی نہیں بلکہ شوہر کا خون تھا۔ اسی دوران کلیٹن کمرے میں داخل ہوا اور چیخ کر کہا کہ “ڈیڈی مر گئے ہیں، میں نے ڈیڈی کو مار دیا ہے”۔

پولیس دستاویزات کے مطابق بچے نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا کہ وہ شدید غصے میں تھا کیونکہ اس کے والد نے اسے سونے کے لیے کہا اور موبائل گیم چھین لی تھی۔

بچے نے بتایا کہ اسے والد کی دراز کی چابی مل گئی تھی، جس سے اس نے الماری میں موجود سیف کھولا، پستول نکالی، اس میں گولیاں ڈالیں اور والد کے بستر کے قریب جا کر فائر کر دیا۔

پولیس کے مطابق بچے کی والدہ کو گھر میں اسلحہ موجود ہونے کا علم تھا، تاہم انہیں یہ معلوم نہیں تھا کہ اسلحہ کی دراز کی چابی کہاں رکھی گئی ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

مقبول خبریں