ساف ویمنز فٹسال چیمپین شپ میں دونوں ٹیموں کی کپتانوں نے سیاست کو پسِ پشت ڈال کر مثبت رویے کا مظاہرہ کیا۔
میچ سے قبل پاکستانی ویمن فٹسال ٹیم کی کپتان کائنات بخاری نے بھارتی کپتان جگنت چنزن کو سندھ کی روایتی ثقافتی علامت اجرک پیش کی جسے بھارتی کپتان نے خوش دلی سے قبول کیا۔
اس موقع پر دونوں کپتانوں نے ایک دوسرے سے مصافحہ بھی کیا اور کھیل کے جذبے کو سراہا۔ اس کے بعد مقابلہ شروع ہوا اور بھارتی ویمنز فٹسال ٹیم نے پاکستان کو پانچ تین سے ہرا دیا۔
میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان روایتی انداز میں ہائی فائیو بھی ہوا جس سے اسپورٹس مین اسپرٹ نمایاں طور پر سامنے آئی۔ شائقین کی جانب سے بھی اس خوبصورت لمحے کو خوب سراہا گیا۔
یہ منظر اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ کھیل نفرتوں کو ختم کرنے کی طاقت رکھتا ہے اور میدان میں مقابلہ ہونے کے باوجود احترام کو ترجیح دی جا سکتی ہے۔