کراچی میں گل پلازہ کے بعد کوئٹہ کے 4 منزلہ پلازہ میں خوفناک آتشزدگی

فائر بریگیڈ، ضلعی انتظامیہ اور فورسز کی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا


ویب ڈیسک January 20, 2026

کوئٹہ:

کراچی میں گل پلازہ میں خوفناک آگ لگنے کے واقعے کے بعد کوئٹہ کے چار منزلہ پلازہ میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کوئٹہ کے پرنس روڈ پر واقع اچکزئی پلازہ میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، جس کے بعد آگ پر قابو پانے کے لیے فائربریگیڈ کی گاڑیاں روانہ کر دی گئیں۔

پولیس کے مطابق فائربریگیڈ کا عملہ آگ بجھانے میں مصروف ہے۔ اس کے علاوہ لیاقت بازار کی مارکیٹ میں بھی آگ لگنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ چیف فائر آفیسر کے مطابق فائربریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچ چکا ہے اور فائربریگیڈ کی 3 گاڑیاں آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لے رہی ہیں۔

چیف فائر آفیسر نے بتایا کہ آگ لگنے کے باعث عمارت میں کرنٹ پھیل گیا جب کہ قریبی لگا ہوا ٹرانسفارمر بھی متاثر ہوا، جس پر کیسکو حکام نے حفاظتی اقدامات کے تحت علاقے کی بجلی بند کر دی۔ انہوں نے بتایا کہ پلازہ کے بیسمنٹ سے پارکنگ میں کھڑی گاڑیاں نکالی جا رہی ہیں۔

آگ تیزی سے پلازہ میں پھیلنے لگی ہے اور اس سے قریبی عمارتوں کو بھی خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ چیف فائر آفیسر کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی۔ پلازہ میں برتن اور جوتوں کی دکانیں قائم ہیں جب کہ اس کے قریب لیپ ٹاپ کی مارکیٹ بھی موجود ہے۔

فائربریگیڈ حکام کے مطابق پرنس روڈ پر واقع پلازہ میں لگنے والی آگ پر 5 گھنٹے گزرنے کے باوجود قابو نہیں پایا جا سکا۔ تاجر برادری کا کہنا ہے کہ پلازہ میں 200 سے زائد مختلف دکانیں ہیں اور یہ 4 منزلہ عمارت ہے جس میں ایک بیسمنٹ بھی شامل ہے۔

تاجروں کے مطابق فائربریگیڈ بروقت پہنچ گئی تھی تاہم آگ کی شدت بہت زیادہ ہے۔ فائربریگیڈ کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور فائربریگیڈ کی 10 سے زائد گاڑیاں آگ پر قابو پانے کے لیے مصروف ہیں ۔ جائے وقوع پر پولیس اور فورسز کے اہلکار بھی موجود ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بروقت اطلاع ملنے پر ضلعی انتظامیہ اور فائربریگیڈ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی تھی۔ آگ کی شدت زیادہ ہونے کے باعث ایف سی بلوچستان اور پی ڈی ایم اے کی ٹیمیں بھی طلب کی گئیں۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق آتشزدگی پر قابو پانے کے لیے واٹر ٹینکر ایسوسی ایشن سے بھی مدد لی گئی ہے جب کہ آگ سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ آگ پر قابو پانے کے بعد ہی لگایا جا سکے گا۔

آگ پر قابو پالیا گیا، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

بعد ازاں لیاقت بازار میں بروقت ریسکیو آپریشن کے نتیجے میں آگ پر مکمل قابو پالیا گیا جب کہ اس دوران کسی جانی نقصان کی اطلاع  بھی نہیں ملی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایف سی بلوچستان (نارتھ)، ریسکیو 1122 اور سول انتظامیہ نے فوری طور پر مشترکہ اور مربوط ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا۔ ریسکیو ٹیموں نے عمارت کو محفوظ بناتے ہوئے قیمتی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا، جس کے باعث کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

مقبول خبریں