پیرس: فرانس کے مشہور لوور میوزیم میں ہونے والی ہالی ووڈ طرز ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیج پہلی بار فرانسیسی ٹی وی پر نشر کر دی گئی ہے۔
یہ مناظر اتوار کی شام نجی چینل TF1 اور سرکاری فرانس ٹیلی وژن پر دکھائے گئے، جو اکتوبر میں ہونے والی واردات کے تین ماہ بعد سامنے آئے ہیں۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو نقاب پوش ملزمان اپولو گیلری میں داخل ہو کر شو کیسز توڑ رہے ہیں۔
ایک ملزم نے سیاہ نقاب اور پیلی سیفٹی جیکٹ پہن رکھی ہے جبکہ دوسرا مکمل سیاہ لباس اور موٹر سائیکل ہیلمٹ میں ملبوس ہے۔ ملزمان نے مضبوط شیشے توڑنے کے لیے جدید کٹر استعمال کیے۔
ویڈیو میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ میوزیم کا عملہ موجود ہونے کے باوجود مداخلت نہیں کرتا۔ لوور انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عملے کو چوروں سے مقابلے کی تربیت نہیں دی جاتی اور انہیں ہدایت ہے کہ پہلے سیاحوں کو محفوظ نکالا جائے۔
اس واقعے کے بعد لوور میوزیم کی سکیورٹی اور انتظامی نظام پر شدید تنقید کی جا رہی ہے، جبکہ ٹریڈ یونینز مزید بھرتیوں اور بہتر دیکھ بھال کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ حالیہ ہڑتالوں کے باعث میوزیم کئی بار بند بھی رہا، جس سے ہزاروں سیاح مایوس لوٹ گئے۔
پولیس کے مطابق 19 اکتوبر کی اس ڈکیتی میں چار افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے، تاہم فرانسیسی شاہی زیورات کے آٹھ قیمتی ٹکڑے، جن کی مالیت تقریباً 102 ملین ڈالر بتائی جا رہی ہے، تاحال برآمد نہیں ہو سکے۔