پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ راجا ناصر عباس سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر مقرر، نوٹیفکیشن جاری

سیکرٹری سینیٹ حفیظ اللہ شیخ نے قائد حزب اختلاف کا نوٹیفیکشن جاری کردیا


ویب ڈیسک January 20, 2026

مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ سینیٹر راجہ ناصر عباس کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر مقرر کردیا گیا۔

سیکرٹری سینیٹ حفیظ اللہ شیخ نے قائد حزب اختلاف کا نوٹیفیکشن جاری کردیا۔

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے بتایا کہ راجہ ناصر عباس کو 32 میں سے 22 ارکان اپوزیشن سینیٹ کی حمایت حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائد حزب اختلاف کو ڈکلیئر کرنے کا اختیار چیئرمین سینیٹ کو ہے، سینیٹر ناصر عباس کو لیڈر آف اپوزیشن ڈکلیئر کرتا ہوں۔

چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ قائد حزب اختلاف کے نوٹیفیکشن کا معاملہ سینیٹ سیکریٹریٹ میں رہا، تاخیر عدالتی پروسیجر کے باعث تھی، اب میں رولز کے مطابق عمل کروں گا۔

سینیٹ میں قائد حزب اختلاف علامہ راجہ ناصر عباس نے  کہا ہے کہ آرمی چیف آج اپنی ڈومین میں چلے جائیں تو میں ان کے ہاتھ چوموں گا۔

سینیٹ میں بطور اپوزیشن لیڈر اپنی پہلی تقریر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سیاسی بحران کے خاتمہ کا واحد حل عمران خان کی رہائی ہے، اللہ نے تمام پیغمر عدل کےلئے بھیجے۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ تینوں ریاستی اداروں کا استقلال ختم ہوچکا ہے،
چند دہشتگردوں کی تلاش کےلئے پورے علاقہ کو اٹھا دیا، اگر یہی کام ان کو کہتے تو وہ دہشتگرد ڈھونڈ دیتے۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ ملک میں عدل و انصاف قائم کیا جائے، ہم لاہور گئے ہماری گاڑیوں کے شیشے توڑے گئے، کیا ہم دہشتگرد تھے۔

انہوں نے کہا کہ کیا ایسے لوگوں کو حراساں کرکے آپ نظام چلا لیں گے؟ لوگوں کو بولنے دیں،اس سے ملک مضبوط ہوتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو آزاد کیا جائے، سیاسی بحران کے خاتمہ کا واحد حل عمران خان کی رہائی ہے، بانی پی ٹی آئی کے کیسز نہیں چل رہے۔

علامہ راجہ ناصر عباس  نے کہا کہ ہم اپنی فوج کو سیلوٹ ماریں گے، آرمی چیف آج اپنی ڈومین میں چلے جائیں تو میں ان کے ہاتھ چوموں گا، میرے خاندان نے جنگیں لڑی ہیں اور ساتھ دیا ہے۔

 

مقبول خبریں