عمران خان سے ملاقات کےلیے پی ٹی آئی کے 14 سینیٹرز نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا

بانی پی ٹی آئی، بشری بی بی کی قید تنہائی ختم کرنے کا حکم دیا جائے، جیل مینوئل قانون کے مطابق حاصل حقوق دیے جائیں


ویب ڈیسک January 20, 2026

بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے بیرسٹر علی ظفر سمیت پی ٹی آئی کے 14 سینیٹرز نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر اور سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے کیسز سماعت کے لیے مقرر کروانے کی کوششیں تیز کر دیں۔ کوششوں کے باوجود چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر سے ملاقات نا ہو سکی۔

پاکستان تحریک انصاف کے 14 سینیٹرز نے بانی پی ٹی  آئی سے ملاقات کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی قید تنہائی ختم کرنے کا حکم دیا جائے اور دونوں کو جیل مینوئل قانون کے مطابق حاصل حقوق دیے جائیں۔ درخواست میں محکمہ داخلہ پنجاب اور سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فریق بناتے ہوئے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانے کی اجازت دینے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔

دوسری جانب چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر، اسد قیصر، سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچے اور چیف جسٹس سے ملاقات کی کوشش کی۔

بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے کیسز سماعت کے لئیے مقرر کروانے چیف جسٹس کے چیمبر گئے تھے تاہم چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر کیساتھ ان کی ملاقات نہیں ہو سکی۔ ہم چیف جسٹس پاکستان سے درخواست کرتے ہیں ہمارے ساتھ ایسا نہ کریں۔

انہوں نے بشری بی بی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خاتون کی اپیل تو جلد سنی جانی چاہئے، بدقسمتی ہے کہ وہ بھی نہیں سنی جا رہی

مقبول خبریں